Latest News

ماہ مبارک میں روزہ، تراویح کا اہتمام فرمائیں، رمضان کی قدر اور اس کا احترام کریں، بلاتفریق انسانیت کی خدمت کریں، الشریعہ ہیلپ لائن جاری کرتے ہوئے کل ہنداسلامک علمی اکیڈمی کے مفتیان کرام کی عوام سے دردمندانہ اپیل۔

کانپور: کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی،جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری، نائب صدرمفتی عبد الرشید قاسمی، مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی و دیگر اراکین نے لوگوں کے نماز، روزہ، تراویح،زکوٰۃ، فطرہ، حج و قربانی میں دینی معلومات اور اسلامی رہنمائی کے لئے رمضان ہیلپ لائن بنام ”الشریعہ ہیلپ لائن“جاری کرتے ہوئے تمام مسلمانوں خصوصاً اہالیان کانپور سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ اللہ رب العزت ہر سال یہ مبارک مہینہ (ماہ رمضان) امت مسلمہ کو عطا فرماتا ہے جس میں اللہ پاک کی خاص رحمتیں و برکتیں نازل ہوتی ہیں۔بندوں کی دعائیں بطور خاص قبول کی جاتی ہیں اور نیک اعمال کا درجہ بڑھا دیا جاتا ہے، بے شمار خصوصیات کاحامل یہ مہینہ رحمت دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کو ہی اللہ پاک نے بطور انعام عطا فرمایا ہے۔ دیگر امتوں کو یہ نعمت نہیں ملی اس لئے امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اس کی قدر دانی و شکرگزاری میں کوتاہی نہ کریں۔ اس رمضان کاسب سے پہلے، پہلا حق یہ ہے کہ وہ اس ماہ کا احترام کریں اور رمضان المبارک کے مخصوص اعمال کو بحسن و خوبی انجام دیں۔ رمضان المبارک کے خصوصی اعمال روزہ، تراویح، شب قدر کاقیام اعتکاف وغیرہ ہیں۔
روزہ:۔ہر عاقل بالغ مسلمان پر پورے مہینے روزہ رکھنا فرض ہے۔ مسافر، مریض اور معذور،بوڑھے لوگوں کو چھوڑ کر اچھے خاصے صحتمند افراد کا روزہ نہ رکھنا اور گرمی کی شدت کو برداشت کرنے سے اپنے کو عاجز سمجھ کر روزہ کی ہمت نہ کرنا یہ گناہ عظیم ہے جو اللہ کے عذاب کو دعوت دیتا ہے۔ اس سے بڑھ کر اللہ رب العزت کے غضب کو بھڑکانے والا یہ عمل ہے کہ اس ماہ مبارک میں کھلے عام پان گٹکھا، مسالہ سر عام کھایا پیا جائے اور مسلم محلوں میں دن دہاڑے چائے پان اور ہوٹلوں کو آباد رکھا جائے۔خدا کے واسطے رسول اللہ ﷺ کی شریعت کو مذاق نہ بنائیں اور رمضان کے تقدس کوپامال نہ کریں۔
تراویح:۔ پورے ماہ بیس رکعت تراویح اہتمام سے پڑھنا سنت متواترہ ہے اور تراویح میں پورے قرآن کا سننا بھی عظیم سنت ہے اس لئے ختم قرآن کی سنت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ پورے ماہ رمضان بیس رکعت تراویح کا معمول اہتمام سے جاری رکھیں۔ چند دن میں قرآن پاک سن کر پھر تراویح ہی سرے سے چھوڑ دینا غلط طریقہ اور خلاف سنت ہے۔ اور عورتوں پر بھی تراویح کی نماز گھروں میں پڑھنا سنت مؤکدہ ہے۔
ختم قرآن:۔ قرآن کریم کا تراویح میں سننا سنانا بہت مبارک عمل ہے ایک ایک حرف پر دس نیکی اور پھر رمضان اور نماز میں پڑھنے کی وجہ سے کئی گنا اس نیکی میں اضافہ ہوتاہے۔ حدیث پاک میں ہے کہ بندہ اللہ کا سب سے زیادہ قرب کلام اللہ کی تلاوت کے ذریعہ حاصل کرتا ہے لیکن یہ نیکی اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ قرآن پاک کو صحیح مخارج کے ساتھ ٹھہر ٹھہر کراور تجویدکی رعایت کے ساتھ پڑھا جائے۔
مفتی اقبال احمد قاسمی نے بتایا کہ جب قرآن پڑھا جائے تو پورے اہتمام وتوجہ سے سنے اور آواز نہ بھی سنائی دے تو قرآن کے ادب میں خاموشی سے متوجہ رہا جائے۔ یہ طریقہ کہ تراویح میں جلدی کلام پاک سننے سنانے کیلئے یا شب قدر کی راتوں میں شبینہ میں حفاظ کرام اپنی صلاحتیں اس طرح تیز پڑھنے میں صرف کرتے ہیں کہ یعلمون تعلمون کے سو اکچھ نہ سمجھ میں آئے اور سامعین بھی گپ شپ یا کھانے پینے میں لگے رہیں یہ نیکی برباد اور گناہ لازم کامصداق ہے۔ جلدی کلام پاک ختم کرنے کی صورت میں بے ادبی عموماً ہوتی ہے۔ اس لئے اگر چند دنوں میں کلام پاک سننے سنانے کی ضرورت ہو تو ہمت سے سارے مقتدیوں کو کلام پاک اول سے آخر تک نماز میں متوجہ ہو کر سننا چاہئے اور حفاظ کرام کو جلدی کے فراق میں صحت و تجوید سے غفلت نہیں برتنی چاہئے۔ اس موقعہ سے حفاظ کرام سے یہ بھی گزارش ہے کہ اللہ کی سب سے آخری کتاب اور نبی کریم علیہ السلام کا عظیم زندہ جاوید معجزہ آپ کے سینہ میں موجود ہے اس کی قدر کریں حفاظ کرام کو یہ زیب نہیں دیتا کہ نبی علیہ السلام کی عظیم سنت داڑھی اور شرعی لبا س کو چھوڑ کر تراویح کی امامت کے منصب کو سنبھالیں۔
فقہا کرام نے داڑھی منڈانے والے حافظ کے پیچھے قرآن سننے کو مکروہ لکھا ہے لہٰذا اس سنت کو چھوڑنے سے توبہ کیجئے اور اللہ و اس کے رسول کی خوشنودی کی فکر کیجئے۔
شب قدر و اعتکاف:۔ رمضان کے آخری عشرہ میں شب قدر ہے اور اعتکاف بھی آخری عشرہ میں سنت مؤکدہ علی الکفایہ ہے۔ لیکن عموماً یہ عشرہ بازار کی نذرہو جاتا ہے اور روز روز بازار میں چکر کاٹنے کے بجائے کفایت شعاری کے ساتھ کسی ایک دن یہ کام انجام دے کر اپنے اوقات کو زیادہ سے زیادہ مسجد میں گزاریں۔ آخری عشرہ میں تلاوت، دعاء، تسبیح،نوافل، توبہ واستغفار کا اہتمام مزید بڑھا دینا چاہئے۔ اللہ پاک ہماری کوتاہیوں کی اصلاح فرمائے اور رمضان مبارک کی برکات سے نوازے۔ گھر کے کسی ایک فرد کو اعتکاف میں بٹھائیں اور عورتیں گھروں میں اعتکاف کا اہتمام کریں۔
زکوٰۃ وفطرہ: ماہ رمضان، اللہ کی راہ میں خاص طور سے زیادہ سے زیادہ خرچ کرنے کا بھی مہینہ ہے جیسا کہ نبی کریم علیہ السلام کی سخاوت کا اندازاس ماہ میں بہت بڑھ جاتا تھا اس لئے جو حضرات صاحبِ نصاب ہیں ان پر تو اپنے سال کے پورے ہونے کا حساب لگاکر اپنے مال کا ڈھائی فیصد مستحقین زکوۃ پر خرچ کرنا فرض ہے اور رمضان کا ماہ گزرنے پر اپنے اور اپنے نابالغ بچوں کی طرف سے فطرہ ادا کرنے کا اہتمام بھی واجب ہے۔  باقی نفلی صدقات وغیرہ کا بھی بطور خاص اہتمام کرنا چاہئے خصوصا مدارس کے سفراء اور چندہ وصول کرنے والوں کی راحت کا بھی بھر پور خیال رکھنا چاہئے ان کو بار بار بلوانے اور چکر لگانے سے پرہیز کریں۔
ہمدردی ومواسات:۔ غریبوں اور کمزور طبقات کی بھر پور تعاون کیا جائے خصوصاً یتیموں، بیواؤں اور محلے کے پریشان حال لوگوں کو افطار وسحری میں یاد رکھیں ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں، ضروری سامان کے پیکٹ بنابناکر گھروں میں پہنچائیں۔ امدادی رقم سے غیر مسلم غرباء کی مدد کریں۔اس مہینہ کو رحمت دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے غم خواری اور ہمدردی کا مہینہ قرار دیا ہے اس کا تقاضہ ہے کہ ہم فراخ دل  کے ساتھ غریبوں کی خدمت کریں۔
لاؤڈ اسپیکر کا بیجا استعمال:۔ اسلام میں کسی کو تکلیف پہنچانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے اور کمزور وبیمار لوگوں کی رعایت اور انہیں راحت پہنچانے کا حکم دیا ہے اس لئے تمام دنوں میں خصوصاً رمضان جیسے متبرک مہینے میں اس بات کا خیال رکھیں کہ لاؤڈ اسپیکر کا بے جا استعمال نہ کریں،صرف ضرورت کے مطابق ہی استعمال کریں جس سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے،تیز آواز کے سبب عبادت میں خلل واقع ہوتا ہے۔رمضان کے تئیں بہت احتیاط کی ضرورت ہے رمضان المبارک کا احترام اور اس کی حرمت وعظمت کا پاس ولحاظ رکھنا ایمان وہدایت کا سبب ہے اور اس کی بے حرمتی اور عظمت وتقدس کو پامال کرنا سلب ایمان اور محرومی کا سبب ہے۔
اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری نے اکیڈمی کی تاریخ پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سابق قاضی شہر کانپورحضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی ؒ نے شہر کے علماء اور مفتیان کرام پر مشتمل ایک پینل بنام کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی  1437ہجری مطابق 2015ء میں قائم کیا تھا۔ جس کی ماہانہ میٹنگوں میں دور جدید میں پیش آنے والے تقریباً 125سے زائد اہم مسائل اب تک حل کئے جا چکے ہیں۔
آخر میں کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری نے بتایاکہ اعمال کی قیمت اور قبولیت اسی وقت ہوتی ہے؛ جب کہ ان کو سنت وشریعت کے مطابق ادا کیا گیا ہو اور یہ مسائل سے واقفیت کے بعد ہی ہوسکتا ہیاور رمضان میں نسبتاً اعمال صالحہ اور عبادات میں اضافہ ہوتا ہے اور  قدم قدم پر مسائل کی ضرورت پیش آتی ہے، چنانچہ آپ کا رمضان کا بابرکت مہینہ صحیح گذرے اور آپ کے اعمال شریعت اسلامی کے مطابق انجام پائیں اور آپ کو بروقت پیش آمدہ مسئلہ کا اسلامی طریقہ معلوم ہوجائے، اس کے لیے کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی نے حسب سابق امسال بھی الشریعہ ہیلپ لائن شروع کی ہے، جس کے نمبرات حسب ذیل ہیں، آپ سفر پر ہوں یا گھر پر، مرد ہوں یا خواتین، اس ہیلپ لائن سے فائدہ اٹھائیں اور عبادات واعمال عمدہ اور جاندار بنائیں اور ہم اراکین کو بھی دعوات صالحہ میں یاد رکھیں،۔ پریس کانفرنس میں مفتی اقبال احمد قاسمی، مولانا خلیل احمد مظاہری، مفتی عبد الرشید قاسمی، مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے علاوہ مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مولانا محمد انعام اللہ قاسمی،مولانا مفتی سید محمد عثمان قاسمی، مولانا مفتی سعود مرشد قاسمی،مولانا مفتی حفظ الرحمان قاسمی،مفتی سعد نور قاسمی، مفتی محمد دانش قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی،مفتی مفتاح حسین قاسمی، مفتی عزیز الرحمن قاسمی، مفتی محمد واصف قاسمی، مفتی محمد معاذ قاسمی، مفتی شاہد اقبال قاسمی دیگر عہدیداران اراکین موجود تھے۔

الشریعہ ہیلپ لائن کے نمبرات

مولانا مفتی اقبال احمد قاسمی
09450120937

مولانا خلیل احمد مظاہری
09889370978

مولانا مفتی عبد الرشید قاسمی
09984181490

مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی
09839848686

مولانا محمد انعام اللہ قاسمی
09935588996

مولانا محمد انیس خاں قاسمی
9936705786

مولانامفتی اسعد الدین قاسمی
8700016933

مولانا مفتی محمد عثمان قاسمی
8423779585

مولانامفتی عزیز الرحمن قاسمی
7860334030

مولانا مفتی سعد نور قاسمی
9721259870

مولانا مفتی محمد دانش قاسمی
9335899572

مولانا حفظ الرحمان قاسمی
8953747748

مولانا مفتی اظہار مکرم قاسمی
9696314272

مولانا مفتی مفتاح حسین قاسمی
9140596695

مولانا مفتی سعود مرشد قاسمی
7844048601

مولانا مفتی محمد واصف قاسمی
8859816832

مولانا مفتی محمد معاذقاسمی
8423123693

مولانا مفتی شاہد اقبال قاسمی
9453996022

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر