Latest News

"ہفت روزہ عوامی رائے" کی سالانہ تقریب نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، نامور شخصیات کی شرکت، یوم خواتین کے موقع پر شاندار مشاعرے کا انعقاد۔

ممبئی: ممبئی سے شائع ہونے والے اردو کے معروف ہفت روزہ عوامی رائے کا ۲۳ واں سالانہ جشن اس سال بھی حسب روایت اور حسب معمول نہایت شان وشوکت اور تزک و احتشام اور دھوم دھام سے منایاگیا۔

پرنسپل ڈاکٹر سہیل لوکھنڈوالا کی سرپرستی اور صدر اسلام جمخانہ یوسف ابراہانی کی قیادت میں اسلام جمخانہ کے بے ویو ہال میں منعقد ہونے والی اس تقریب کی صدارت قطر سے تشریف لائے معزز مہمان اور ممتاز کاروباری اور سماجی شخصیت حسن چوگلے صاحب نے فرمائی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ منجولہ سکسینہ تشریف فرما تھیں، جن دیگر اہم شخصیات نے اس تقریب میں شرکت کی ان میں ڈاکٹر اشوک مہرا، محترمہ ڈاکٹر اعجاز فاطمہ پاٹنکر، محترم ببو خان، شہزاد ابراہانی، ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر، صحافی عزیز برنی اور نسیم صدیقی کے نام قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر مختلف نامی گرامی شخصیات کو اعزاز سے بھی نوازا گیا - جدہ سے تشریف لانے والی ادیب، شاعرہ اور صحافی محترمہ سمیرہ عزیز کو نور امروہوی ایوارڈ برائے ادب سے نوازا گیا۔ اور ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر کے انٹرویو پر مشتمل کتاب کا رومن رسم الخط میں لکھی گئی کتاب کے علاوہ ہفت روزہ عوامی رائے کے خصوصی شمارہ اور سووینئر کا اجرا بھی عمل میں آیا۔ 

یوم خواتین کی مناسبت سے مذاکرہ کے علاوہ اس موقع پر ایک مشاعرے کا بھی انعقاد کیاگیا۔ جس میں منظر بھوپالی، ڈاکٹر انجم بارہ بنکوی، شکیل اعظمی، پروفیسر محترمہ لتا حیا، نریش افی، محترمہ سمیرہ عزیز (جدہ)، یوسف دیوان، اور ڈاکٹر قاسم امام نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ مشاعرے کی نظامت گل بوٹے کے مالک ومدیر فاروق سید نے فرمائی۔ کنوینر ڈاکٹر علائوالدین شیخ چیف ایڈیٹر ہفت روزہ عوامی رائے، ناصر نعیم چیئرمین مشاعرے کمیٹی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر