Latest News

قرآن کریم اور رمضان المبارک کا گہرا تعلق ہے، مسجد انور شاہ میں حافظ سید حمدان شاہ کے ذریعہ تکمیل قرآن کے موقع پر مولانا سید احمد خضر شاہ کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
رمضان المبارک کی ۳۲ ویں شب میں دارالعلوم وقف کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کے صاحبزادے مولوی حافظ سید حمدان شاہ نے نماز تراویح میں مسجد انور شاہ میں قرآن کریم مکمل کیا ۔ اس دوران ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ امام محمد انور شاہ کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی عطا کردہ توفیق سے آج قرآن کریم کی تکمیل ہوئی اور یہ تکمیل قرآن کریم صرف پڑھنے والے کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام سننے والوں کے لئے بڑی سعادت کی بات ہے۔ مولانا احمد خضر شاہ مسعودی نے کہا کہ قرآن کریم کو رمضان المبارک سے خاص تعلق اور گہری خصوصیت حاصل ہے، لہٰذا اس ماہ میں کثرت سے تلاوتِ قرآن میں مشغول رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان کا قرآن کریم سے خاص تعلق ہونے کی سب سے بڑی دلیل قرآن کریم کا ماہِ رمضان میں نازل ہونا ہے۔ لہٰذا اس مبارک مہینہ میں زیادہ سے زیادہ اپنا وقت قرآن کریم کی تلاوت میں لگائیں۔ نمازِ تراویح کے پڑھنے کا اہتمام کریں اور اگر تراویح میں ختم قرآن کا اہتمام کیا جائے تو بہت بہتر وافضل ہے۔ماہِ رمضان کے بعد بھی تلاوتِ قرآن کا روزانہ اہتمام کریں۔ مولانا نے کہا کہ علماءکرام کی سرپرستی میں قرآن کریم کو سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کریں۔ قرآن کریم میں وارد احکام ومسائل کو سمجھ کر اُن پر عمل کریںاور دوسروں تک پہنچائیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص ایک حرف قرآن کریم کا پڑھے، اس کے لیے اس حرف کے عوض ایک نیکی ہے اور ایک نیکی کا اجردس نیکی کے برابر ملتا ہے۔مولانا نے ختم قرآن کی برکتوں اور بے شمار فضائل کا تذکرہ کرتے ہوئے ساتھ ہی ختم قرآن کی مجلس میں مانگی جانے والی دعائیں بہت جلد قبول ہوتی ہیں اور اس مہینہ میں خاص طور پر اللہ تبارک وتعالیٰ نے دعا کے قبول ہونے کا وعدہ فرمایا ہے ا س لئے رمضان المبارک کے اب چندروز باقی ہیں ، ہمیں دعاﺅں اور عبادات کا خاص اہتمام کرنا چاہئے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو روزہ اور تلاوتِ قرآن کی برکت سے تقویٰ والی زندگی گزارنے والا بنائے اور ہمیں دونوں جہاںمیں کامیابی وکامرانی عطا فرمائے۔ اس موقع پر مولانا صغیر پرتاپ گڑھی، حافظ محمد عمر الٰہی، مولانا محمد ثاقب، محمد عابد، متین خان، محمد فرقان، محمد اقبال، عبداللہ سمیت علاقہ کے بڑی تعداد میں موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر