سہارنپور: سمیر چودھری۔
سہارنپور کے ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے اس سال حج پر جانے والے عازمین کی صحت کی جانچ اور میڈیکل رپورٹ کے متعلق ضلع سہارنپور کے سی ایم او سنجیو مانگلک سے ملاقات کی ۔ حاجی فضل الرحمن نے سی ایم کو حاجیوں کی میڈیکل رپورٹ کے لئے آرہی پریشانیوں سے آگاہ کرایا اور کہا کہ حاجیوں کے فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 12مارچ ہے ، لیکن ابھی تک میڈیکل رپورٹ نہ بننے سے عازمین کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ اسپتال میں حاجیوں کے میڈیکل کے لئے الگ سے ایک روم کا قیام ہونا چاہئے جس سے عازمین کو رمضان میں روزہ کی حالت میں پریشان نہیں ہونا پڑے گا۔ سی ایم او ڈاکٹر سنجیو مانگلک نے اس دوران ہر طرح کی مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سی ایم او آفس احاطہ میں عازمین کے میڈیکل کے لئے الگ سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے دن سے عازمین کی جانچ شروع کردی جائے گی اور جلد سے جلد رپورٹ تیار کرکے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ عازمین کو پریشان نہ ہونا پڑے، انہیں کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے الگ سے روم کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر عرشی حسن بھی موجود تھے۔

0 Comments