Latest News

سخت دھوپ میں ادا کی گئی نماز دوگانہ، رمضان کے تیسرے جمعہ کو مساجد میں نمازیوں کی بھیڑ، مولانا سید ارشد مدنی نے کیا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کی نماز دیوبند کی متعدد مساجد میں خشوع وخضوع کے ساتھ ادا کی گئی ۔خوشگوار موسم کے دوران صبح سے ہی جمعہ کی تیاریاں دیوبند کی گلیوں میں نظر آرہی تھیں، ننھے بچے جمعہ کی نماز کے لیے تیار ہوکر گھروں سے نکل رہے تھے۔قرب وجوار سے آئے مسلمانوں نے نماز جمعہ سے قبل اور بعد میں دیوبند کے بازاروں سے خریداری کی۔ جمعہ کے دن بھی نگر پالیکا کی جانب سے صفائی کا کوئی خاص انتظام نظر نہیں آیا، دارالعلوم کے قریب نالیوں سے نکل کر سڑکوں پر بہہ رہے گندے پانی نے نمازیوں کو پریشانی میں مبتلا کیا۔

دارالعلوم کی مسجد رشید میں جامع مسجد امروہہ کے استاد مفتی عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی جس کے بعد جمعیة علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے دعاءکی قبولیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ دعاءکی قبولیت کا سیزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ محروم ہے وہ بندہ جو اس سیزن سے بھی فائدہ نہ اٹھائے اور اللہ کی رحمت سے محروم ہو۔ انہوں نے کہا کہ دعاء قبول ہونے کی تین شرطیں ہیں ۔ سب سے پہلے دعاء کی قبولیت کے لئے اللہ کے رسول ﷺ کی صورت وسیر ت دونوں کو اختیار کرنا، استغفار کی کثرت اور گناہوں سے توبہ یہ چیزیں دعاءnکے قبول ہونے کا ذریعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی دعا اور عبادت مقبول نہیں ہوسکتی جب تک کہ انسان اکل حلال پر قائم نہ رہے، ایک لقمہ بھی اگر حرام چلا گیا تو چالیس دن تک اس کی عبادتیں اور نیکیاں اس کے کسی کام آنے والی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ حلال کمائی کرنے والے اللہ کے یہاں پسندیدہ بندوں میں شمار ہوتے ہیں اور اللہ کے یہاں ان کی فوری طور پرسنوائی بھی ہوتی ہے، مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ذکر اللہ کے ذریعہ اپنے دلوں کو زندہ رکھو اور اللہ کی طرف متوجہ رہو جس دل میں ذکر اللہ نہیںہوتا وہ دل مردار کی طرح ہوتا ہے، ذکر اللہ سے دل زندہ رہتا ہے، انھوں نے کہا کہ اپنے آپ کو گناہ سے محفوظ کرنا اپنے آپ کو برائی سے بچانا عبادت میں شمار ہوتا ہے۔ اللہ کی قربت حاصل کرنے میں انسان کو تھوڑی سی محنت کی ضرورت ہے اگر وہ ان چیزوں پر توجہ کرلے تو اللہ کے یہاں وہ مقرب بندہ بن جائے گا۔ مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ جامعہ زینب للبنات کے استاذ حدیث مفتی اخیار الٰہی نے اداکرائی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر