Latest News

طلبہ کے لئے اکابرین کا طرز حیات نمونہ عمل ہے: مولاناسفیان قاسمی، دارالعلوم وقف دیوبند میں تعلیم کا آغاز، دیگر مدارس میں داخلہ کی کارروائی جاری۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دینی مدارس میں اس وقت جدید داخلوں کا عمل تیزی سے جاری ہے، حالانکہ دیوبند پہنچے ہزاروں طلبہ کی تعدادنتائج منظر عام پر آنے کے ساتھ اب آہستہ آہستہ کم ہونے لگی،عظیم علمی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند میں اکثر جماعتوں کے نتائج آچکے ہیں جبکہ دورہ حدیث کے امتحانات جاری ہیں وہیں ایشیا کی مشہور دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں تیزی کے ساتھ داخلوں کا عمل تکمیل تک پہنچا اور یہاں آج باضابطہ طورپر تعلیمی سرگرمیاں شروع کردی گئی۔
ادار ہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے بخاری شریف کا افتتاحی درس دے کر تعلیم کا آغاز کیا ،اس دوران انہوںنے طلبہ کو اپنی قیمتی نصیحتوں سے نوازا اور طلبہ کو اکابرین دیوبند بالخصوص بانیان دارالعلوم دیوبند حجة الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی ؒ و دیگر اکابرین علماءکرام کی زریں خدمات سے روشناس کرایااور کہاکہ طلبہ عزیز یہاں آنے کے اپنی زندگی کے مقصد کو ہمیشہ آگے رکھیں اور اکابرین کی طرز پر سنت نبوی ؒ کے مطابق زندگی گزاریں۔انہوں جدید طلبہ کو ادارہ کے ضوابط سے روشناس کرایا اور کہاکہ آپ کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، اسلئے ہمیشہ تعلیمی سرگرمیاں میں مصروف ہیں اور لایعنی مشاغل سے کلی اجتناب کریں ،اپنے مادر علمی اور اساتذہ کا احترام کریں اور اکابرین دیوبند کی زندگیوں کا نمونہ بناکر دکھائیں،انہوں بخاری شریف کی حدیث کے حوالہ سے کہاکہ تمام اعمال کا دامدور مدار نیتوں پر ہے اسلئے اپنی نیتوں کو ہمیشہ درست رکھیں اور اخلاق و للہیت کے ساتھ علم دین حاصل کریں انشاءاللہ یہ علم ِ نافع ہوگا ،جوآپ کے ساتھ ساتھ پوری ملت کے لئے نفع بخش ثابت ہوگا۔ اس دوران شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی اور نائب مہتمم مولانا ڈاکٹر شکیب قاسمی نے بھی طلبہ اپنی قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ اس دوران جملہ اساتذہ اور طلبہ موجودرہے۔ 
اس کے علاوہ ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں داخلوں کاعمل تیزی سے جاری ہے اور آخری مرحلہ میں ہے، مشہور دینی ادارہ جامعہ امام محمد انور شاہ میں اول تا دورہ حدیث تک کے تمام داخلوں کی کارروائی آخری مرحلہ میں پہنچ گئی ہے،جس کے بعد باضابطہ تعلیمی سلسلہ شروع ہوگا۔مشہور ادارہ جامعة الشیخ حسین احمد مدنی بھی اول تادورہ حدیث شریف تک کے داخلوں کا سلسلہ تاہنوزجاری ہے۔ دارالعلوم وقف دیوبند میں تیزی کے ساتھ داخلہ کاعمل مکمل کیاگیا اورڈیڑھ ہزار سے زائد جدید طلبہ کو داخلہ دیاگیا۔ نائب مہتمم مولانا شکیب قاسمی نے بتایاکہ داخلہ کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 8 مئی سے ادارہ میں باضابطہ طورپر تعلیمی سال کا آغاز کردیاگیاہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر