جامعہ رحمانیہ عربیہ ہاپوڑ میں دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے مشکوہ شریف کا پہلا درس دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم اخلاص اور للہیت سے کام کریں گے تو اللہ تعالی ہمارے اندر حکمت پیدا کر دے گا۔ انہوں نے حجة الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمة اللہ علیہ کے واقعات حاضرین کے گوش گزار کیے۔ انہوں نے حدیث کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دینی رہنمائی کے لیے سب سے قابل اعتبار سرچشمہ وہ قران کریم ہے اور قران کریم کو سمجھنے کے لیے اور اس کے احکام کو جاننے کے لیے حدیث کو جاننا بہت ضروری ہے، کیونکہ حدیث ہی قران کے احکام کی وضاحت ہے اور اس کی تشریح ہے۔ انہو ںنے کہا کہ طلبہ عزیز دین و شریعت اور قران و حدیث کی حفاظت اور اشاعت کے لیے صفہ نبوی سے لے کر اب تک کا یہ تسلسل ہے جو آپ تک پہنچا ہے۔ یہ انتخاب ہے اللہ تعالی کی طرف سے جس پر آپ جتنا شکر ادا کریں کم ہے، جب آپ اخلاص کے ساتھ علم دین حاصل کریں گے تو اللہ تعالی دین کی اشاعت اور حفاظت کے لیے آپ کے اندر حالات کے مطابق حکمت پیدا کر دیں گے اسی لیے آپ اپنے اندر اخلاص پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ سارا دارومدار نیتوں پر ہے ، آج آپ جس نیت سے یہاں آئے ہیں ، اس نیت کے ساتھ آپ نے اپنے دل کو صاف کرلیا اور یہاں رہتے ہوئے جو مشقت آپ لوگوں کو اٹھانی پڑی اور جو محنت آپ کریں گے وہ سب عبادات بن جائیں گی۔ جامعہ کے مہتمم قاری ضیاءالرحمن قاسمی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ پروگرام کی نظامت مولانا محمد یعقوب قاسمی نے کی، تلاوت قاری محمد عابد متعلم جامعہ ہذا نے انجام دی۔ اس پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں حکیم شمشاد بیگ، ڈاکٹر نصیر احمد، قاری فضل الرحمن انجم، حکیم مولانا خلیق الرحمن ندوی، مفتی خالد قاسمی، مولوی محمد عمران، مولوی رئیس احمد ،حکیم ظل الرحمن رحمانی ،حکیم سعید الرحمن ، ماسٹر عزیز الرحمن، ڈاکٹر عتیق الرحمن وغیرہ اور بہت سارے بہی خواہان جامعہ اور معززین شہر نے شرکت کی۔
0 Comments