Latest News

یوپی مدرسہ بورڈ کے امتحان جاری، پہلی بار ویب کاسٹنگ کے ذریعہ سبھی امتحانی مراکز پر رکھی جارہی ہے نظر۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
یوپی مدرسہ بورڈ کے امتحانات پرامن ماحول میںجاری ہیں،اترپردیش مدرسہ بورڈ کے سالانہ امتحانات اس وقت ہورہے ہیں جب یوپی بورڈ اور سی بی ایس ای بورڈ سمیت تمام بورڈ اپنے سیکنڈری اور سینئر سیکنڈری کے نتائج کا اعلان کرچکے ہیں،جس کے کے سبب امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے دیگر یونیورسٹی میں داخلہ کی خواہش رکھنے والے طلبہ بھی تذبذب کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔گزشتہ 17 مئی سے شروع ہوئے مدرسہ بورڈ کے امتحانات میں پورے صوبہ سے تقریباً چالیس طلبہ وطالبات نے امتحان چھوڑ دیا،یوپی مدرسہ بورڈ میں اس سال ایک لاکھ ستر ہزار طلبہ وطالبات نے رجسٹریشن کرایا تھا،جن میں ایک لاکھ تیس ہزار طلبہ وطالبات امتحانات میں شامل ہورہے ہیں۔ دیوبند میں مدرسہ بورڈ کی جانب سے لڑکے اور لڑکیوںکے لئے الگ الگ دو امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں،جن میں 348 طلبہ اور 154 طالبات امتحانات دے رہی ہیں۔پیر کے روز محلہ خانقاہ میں واقع بورڈ امتحان کے سینٹر جامعہ قاسمیہ دارالعلوم دیوبند میں طالبات نے اور اسٹیٹ ہائیوے پرواقع گوکل چند رہتی دیوی کنیا انٹر کالج میں طلبہ نے پہلی نشست میں منشی اور مولوی(سیکنڈری) جبکہ دوسری نشست میں دو بجے سے پانچ بجے تک عالم (سینئر سیکنڈری)کامل اور فاضل کا جنرل انگلش کا امتحان دیا۔ 23 مئی کو ہندی کاامتحان ہوگا جبکہ 24 مئی کے امتحانات ختم ہونگے۔سینٹر کے اسٹیٹک مجسٹریٹ دیویندر کمار اور جائزہ کار شاہد انور نے بتایاکہ پہلی نشست میں منشی اور مولوی جبکہ دوسری نشست میں عالم، فاضل اور کامل کے امتحانات ہورہے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ پہلی بار مدرسہ بورڈ کی جانب سے سبھی امتحانی مراکز کی ویب کاسٹنگ ہورہی ہے، لکھنو میں واقع کنٹرول روم سے سبھی امتحانی مراکز پر سیدھی نظر رکھی جارہی ہے، نقل سے پاک امتحانات منعقد کرانے کے لئے بورڈ کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں،انہوں نے بتایاکہ دیوبند کے مراکز پر پرامن ماحول میں نقل سے پاک امتحانات جاری ہیں اور طلبہ وطالبات کو سخت چیکنگ کے بعد ہی امتحان ہال میں داخلہ دیاجارہاہے۔ 17 مئی سے شروع ہوئے مدرسہ بورڈ کے منشی، مولوی،عالم،کامل اور فاضل کے امتحانات 24 کو اختتام پذیر ہونگے۔ اس دوران سینٹر انچارج منجو رانی،جامعہ قاسمیہ دارالعلوم دیوبند کے نگراں مولانا عبدالولی قاسمی، صدق قادر، قاری جاوید اور ڈاکٹر طاہر وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر