Latest News

دیوبند کے پہلے غیر مسلم چیئرمین وپن گرگ نے لیا حلف، ڈی ایم نے وارڈ ممبرا ن کو بھی دلایا حلف، جم کر لگائے گئے مذہبی نارے، ریاستی وزیر نے کہا’ بلاتفریق ہونگے دیوبند میں ترقیاتی کام‘۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندرا نے میونسپل بورڈ دیوبند کے نو منتخب چیئرمین وپن گرگ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا، اس کے ساتھ ہی تمام 25 وارڈوں کے منتخب ممبر نے بھی حلف لیا۔جمعہ کے روز دوپہر میں دیوی کنڈ روڈ پرواقع راج پیلس میں منعقدہ حلف برداری تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ، بی جے پی ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سینی اور میونسپل بورڈ صدر وپن گرگ نے سرسوتی کی پوجا کے ساتھ پروگرام کاآغاز کیا۔ اس دوران کارکنوں نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ اور چیئرمین وپن گرگ کا پھولوں کی مالائیں پہنا کر زور دار استقبال کیا اورجم کر مذہبی نعرے لگائے۔
اس کے بعد ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر سنگھ نے وپن گرگ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا، جس کے بعد وپن گرگ نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کا آشیرواد لیا۔اس دوران ضلع مجسٹریٹ نے تمام 25 وارڈوں کے منتخب ممبروں کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف لینے کے بعد میونسپل صدر وپن گرگ نے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کے ساتھ نگر پالیکا دفتر پہنچ کر عہدہ سنبھالا اور ضروری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران و ملازمین سے شہر کی ترقی کے متعلق گفتگو کی اور ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے ترقیاتی کاموں میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ نے کہاکہ ریاستی وزیر اعلیٰ اور بی جے پی اعلیٰ کمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی اور حکومت کی عوامی پالیسیوں کے سبب ہی ہم دیوبند جیسی سیٹ پر جیت حاصل کرپائے ہیں،انہوں نے کہاکہ میں دیوبند کے تمام باشندوں کو یقین دلاتا ہوں کہ شہر میں بغیر کسی مذہب اور برادری کے تفریق کے بنا بھید بھاو ترقیاتی کام کئے جائینگے۔انہوںنے کہاکہ بورڈ کی پہلی میٹنگ میں ہی دیوبند کو خوبصورت بنانے اور ترقیاتی امور کے لئے تجاویز منظور کی جائینگی۔ چیئرمین وپن گرگ نے عوام اور بی جے پی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ شہر کی ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کرینگے۔حلف برادری تقریب کو کامیاب بنانے میں نگر پالیکا پریشد کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر دھیریندر کمار رائے اور برقی انچارج وکاس چودھری نے اہم رول ادا کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم سنجیو کمار، بی جے پی یووا مورچہ کے علاقائی صدر سکھویندر پوم، ڈسٹرکٹ کوآپریٹو بینک کے چیئرمین چودھری راجپال سنگھ، بی جے پی کے نومنتخب ممبران منوج سنگھل، ڈاکٹر ڈی کے جین، سندیپ شرما ایڈوکیٹ سمیت بڑی تعداد میں بی جے پی لیڈران اور کارکنان کے علاوہ شہر کے سرکردہ افراد موجودرہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے نو منتخب میونسپل بورڈ چیئرمین وپن گرگ کی تقریب حلف برداری کے دوران جم کر مذہبی نعرے بازی کی گئی۔ میونسپل بورڈ میں مسلم کونسلروں کی اکثریت ہونے کے باوجود یہ پروگرام پوری طرح سے ہندوتوا کے رنگ میں رنگا نظر آیا۔تاریخی شہر دیوبند کی نگر پالیکا اب پوری طرح بھگوا رنگ میں رنگ چکی ہے، اتنا ہی نہیں بی جے پی کے ذریعہ نگر پالیکا چیئرمین عہدہ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد جہاں دیوبند میں نئی تاریخ رقم کی گئی ہے، وہیں پرانی تاریخ کو بھی ختم کیاجارہاہے، جس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ نگر پالیکا میٹنگ ہال کی دیواروں پر نصب سابق چیئرمینوں کے سبھی فوٹو ہٹا دیئے گئے ہیں،پالیکا میٹنگ ہال میں اب وزیر اعظم نریندر مودی،وزیر اعلیٰ یوگی آتیہ ناتھ، پی ڈبلیو ڈی کے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ سمیت کچھ عظیم ہستیوں کے فوٹو باقی بچے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر