Latest News

نہ انصاف ملا نہ معاوضہ۔ ناصر، جنید کے لیے انصاف مانگنے والا جابر گرفتار، فیملی کے 13 لوگوں پر بھی ایف ایی ار۔

راجستھان کے ضلع بھرت پور کے گھاٹمیکا گاؤں مبینہ گئو رکھشکوں کے ہاتھوں قتل کیے گیے جنید ،ناصر کے اہل خانہ ابھی تک انصاف کے لیے بھٹک رہے ہیں کلیدی ملزم مونو مانیسر سمیت دیگر ملزمین چار ماہ بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہیں ۔مزید یہ کہ انصاف کے لیے آواز اٹھانے والے مقتولین کے کزن محمد جابر کوراجستھان پولیس نے گزشتہ 29مئی کو گرفتار کرلیا
پہاڑی پولس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر شیولہری کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق جابر کے علاوہ فیملی کے 13 دیگر افراد جن میں 9 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، پر بھی پولیس نے مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔



پولیس نے جن 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ان میں خورشید، زاہد، طاہر، قاسم، محمد، خیرونہ، جمنا، ثمینہ، رحمان، مبارک، طاہر اور دو نامعلوم ہیں۔ سب ایک ہی خاندان کے افراد ہیں
ادھر انگریزی پورٹل ‘دی کوئنٹ’ کی تفصیلات کے مطابق جنید اور ناصر کے قتل کے چار ماہ بعد، دونوں کے کزن، محمد جابرجو راجستھان حکومت اور پولیس کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا۔ محمد جابر کو ، 29 مئی کی رات کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہوں نے راجستھان کے بھرت پور میں واقع اپنے گاؤں گھاٹمیکا میں موبائل ٹاور پر چڑھنے کی دھمکی دی تھی۔
جابر کے خلاف درج ایف آئی آر میں، آئی پی سی کی دفعہ 147 (فساد)، 332 (سرکاری ملازم کو چوٹ پہنچانا)، 353 (سرکاری ملازم پر حملہ)، 336 (انسانی جان کو خطرے میں ڈال کر لاپرواہی سے کام لینا) کے تحت الزام لگایا گیا ہے۔ نیز 307 (قتل کی کوشش)۔ جابر پر پریوینشن آف ڈیمیج ٹو پبلک پراپرٹی ایکٹ کے سیکشن 3 کے تحت بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق، جابر نے اپنے فیس بک پر ایک پوسٹ کی تھی جو وائرل ہوئی تھی جہاں اس نے کھلی وارننگ دی تھی کہ وہ آج رات اس ٹاور پر چڑھ جائے گا اور کوئی اسے روکنے کے لیے کچھ نہیں کر سکتا۔ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جابر باقاعدگی سے اشتعال انگیز ویڈیوز بناتا اور اپنے فیس بک پر پوسٹ کرتا تھا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ 29 تاریخ کی رات جب پولیس اہلکاروں اور انتظامیہ نے اسے ٹاور پر چڑھنے سے روکنے کی کوشش کی تو جابر نے ایک پتھر اٹھایا اور مارنے کی نیت سے پولیس اہلکار کو مارنے کی کوشش کی لیکن‌ وہ اپنے آپ کو بچانے میں کامیاب ہو گیا۔ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے اسے قابو کرنے کی کوشش کے باوجود، جابر "پولیس افسران کو دھکیلتا رہا اور ہاتھا پائی کرتا رہا”۔یاد رہے ہے کہ جابر لگاتار میڈیا سے کہتے رہے ہیں کہ انہیں کبھی بھی گرفتار کیا جاسکتا ہے


واضح ہو کہ مئی کے اوائل میں جابر نے اپنے گاؤں میں ایک موبائل ٹاور پر چڑھ کر ویڈیو بنائی تھی جس میں پولیس نے مونو مانیسر کے خلاف جلد کارروائی نہ کرنے کی صورت میں خودکشی کی دھمکی دی تھی۔
جابر کے رشتہ داروں کا دعویٰ ہے کہ انہیں جنید ناصر کیس میں مسلسل احتجاج کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ قاسم نے کہا “اتنے مہینے ہو گئے ہیں لیکن مونو مانیسر کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ جابر گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے لڑائی کی قیادت کر رہے تھے۔ تو پولیس نے اسے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا،‘‘
قاسم نے یہ بھی کہا کہ جابر کے مطالبات صرف مونو کی گرفتاری تک محدود نہیں تھے۔ "حکومت نے جنید اور ناصر کے اہل خانہ کو پندرہ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اب تک ہر ایک کو صرف 5 لاکھ ادا کیے گئے ہیں۔ وہ چاہتے تھے کہ کانگریس حکومت اس مطالبے کو پورا کرے،‘‘
دریں اثنا انگریزی پورٹل مکتوب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ گھاٹمیکا کے پڑوسی گاؤں کے رہائشی اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ مختیار احمد کا کہنا ہے کہ جنید اور نصیر کے قتل کے بعد سے پولیس من گھڑت مقدمات میں انصاف کا مطالبہ کرنے والے لوگوں کو گرفتار کر رہی ہے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کی ممبر اسمبلی زاہدہ خان پر الزام لگایا کہ وہ ضلع انتظامیہ پرمظاہرین کو خاموش کرنے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا استعمال کر رہی ہیں۔

مقتول ناصر کے بھائی حامد کا کہنا تھا کہ ’صرف ایک جابر تھا جو ہماری جانب سے نان اسٹاپ آواز اٹھا رہا تھا اور اب اسے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس طرح یہ معاملہ بند ہو جا گا، ہمیں کبھی انصاف نہیں ملے گا۔
ہمارے دو بھائی مارے گئے اور اب جابر جیل میں ہے۔ ریاستی حکومت نے ہر خاندان کو 15 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ہمیں صرف 5 لاکھ روپے ملے ہیں۔ حکومت نے ہمیں دھوکہ دیا اور اب پولیس ہمیں دھمکیاں دے رہی ہے،


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر