آگرہ: مسجد نہر والی میں خطبہ جمعہ کے دوران الحاج محمد اقبال نے کہا کہ آج کے خطبہ جمعہ میں ہم ایک “ آفر “ کا ذکر کرینگے، جو ہر ایک شخص کو مل سکتا ہے جو تھوڑی سی پلاننگ کرلے، جی ہاں بغیر جانور ذبح کیے ہوئے اللہ کی طرف سے قربانی کا ثواب مل جاے گا، یہ ایک بہترین آفر ہے اور اللہ کی طرف سے ہے جس کے ملنے کی پوری گارنٹی آپ کے پاس ہے یعنی ہمارا سب کا ایمان اللہ پر ہے جس کو یقین نہیں وہ “ مسلمان “ ہی نہیں ، آپ کے سامنے بخاری اور مسلم کی دو حدیثیں پیش کررہا ہوں ، اس دنیا میں قرأن کے بعد سب سے زیادہ ان دو کتابوں پر ہی مسلمانوں کا یقین ہے ، بخاری کی حدیث نمبر ۹۲۹ اور مسلم کی حدیث نمبر ۸۵۰ کو نوٹ کرلیں حدیث کو بیان کیا ہے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے۔ حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ کے رسول نے فرمایا “ جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں ، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے ، اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب اس کے بعد مرغی کا ثواب اس کے بعد انڈے کا ثواب لکھا جاتاہے ، جب امام خطبہ کے لیے ممبر پر آتا ہے تو فرشتے اپنے لیپ ٹاپ بند کردیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں “ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ امام کے ممبر پر آنے کے بعد جو آتا ہے اس کا نام نہیں لکھا جاتا ، یہ بہت بڑا نقصان ہوا ۔ اس لیے ضروری ہے کہ وقت سے پہلے مسجد میں آئیں اور ثواب کے ساتھ لیپ ٹاپ میں اپنا نام بھی درج کرائیں ، اور اللہ کا یہ آفر ہر جمعہ کو ہوتا ہے ، اللہ کے بندو جمعہ آٹھ دن میں آتا ہے کیا آپ پہلے سے اس کی پلاننگ نہیں کرسکتے ؟ آج آپ یہ فیصلہ مسجد سے نکلنے سے پہلے کرلیں کہ آئندہ جمعے کو سب سے پہلے مسجد میں داخل ہونگے ان شاءاللہ ۔ اللہ ہم سب کو توفیق عطا فرماے آمین۔
0 Comments