Latest News

دیوبند میں بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد پر جان لیوا حملہ، ضلع اسپتال ریفر، پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ملزمین کی تلاش میں لگی، واقعے پر کارکنوں میں زبردست غصہ۔

دیوبند: آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر چندر شیکھر آزاد آج اسٹیٹ ہائی وے پر فارچیونر کار سے گزر رہے تھے، اس دوران کار سوار نہ معلوم بدمعاشوں نے ان پرجان لیوا حملہ کردیا۔ اس دوران ایک گولی انکی کمر میں لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد موقع پر افرا تفری مچ گئی۔ زخمی چندر شیکھر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد دیوبند سی ایچ سی سے ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔
بدھ کو، بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد دیوبند کی گاندھی کالونی کے رہائشی ایڈوکیٹ اجے کمار کے گھر ان کو ماں کی تیرھویں تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ چندر شیکھر آزاد شام 5 بجے کے قریب اپنی فارچیونر کار میں دیوبند سے سہارنپور واپس لوٹ رہے تھے۔ اس دوران جیسے ہی ان کی کار یونین تیراہے کے قریب پہنچی تو پیچھے سے آنے والی ہریانہ نمبر کی سوئفٹ ڈیزائر کار میں سوار بدمعاشوں نے کار پر فائرنگ شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ شرپسندوں نے چار راؤنڈ فائرنگ کی جس میں سے ایک گولی شیشہ ٹوٹتے ہوئے چندر شیکھر آزاد کی کمر میں لگی۔ جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے۔ واردات کو انجام دینے کے بعد بدمعاش موقع سے فرار ہو گئے۔ آزاد پر جان لیوا حملے کی خبر سے موقع پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ چندر شیکھر کے ساتھ موجود ان کے ساتھی فوراً ان کے ساتھ دیوبند سی ایچ سی پہنچے۔ دوسری طرف دیوبند میں چند شیکھر پر جان لیوا حملے کی خبر سے پولس انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔ جلدی میں ایس پی دیہات سمیت دیگر افسران سی ایچ سی پہنچے۔ بھیم آرمی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی سی ایچ سی پہنچی۔ مشتعل کارکنوں نے حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ایس پی دیہت ساگر جین نے بتایا کہ ہائی وے پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جلد حملہ آور پکڑے جائیں گے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر