دیوبند: سمیر چودھری۔
نامور عالم دین اور دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مولانا محمد اسلام قاسمی ؒکے انتقال پر تاحال تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلہ میں جاری اپنے ایک بیان میں ’ہفت روزہ عوامی رائے‘ ممبئی کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر علاو الدین شیخ نے گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مولانا محمد اسلام قاسمی کے انتقال کو علمی دنیا کا عظیم خسارہ قرار دیا اور کہاکہ مرحوم بے پناہ خصوصیت کی حامل شخصیت کے مالک تھے ،جن کے رخصت ہوجانے سے نہ صرف متعلقین اور تلامذہ بلکہ علمی حلقوں کو بڑا نقصان ہواہے۔ڈاکٹر علاو الدین شیخ نے کہاکہ مرحوم میرے انتہائی مربی،مشفق اور کرم فرما استاذ تھے، دیوبند میں قیام کے دوران مجھے حضرت مرحوم سے علمی استفادہ کاموقع حاصل ہوا،لیکن شفقتوں اور محبت کا سلسلہ آج تک قائم تھا، طالبعلمی کے زمانہ سے آج تک وہ میرے انتہائی مخلص رہنما تھے،ان کے انتقال سے مجھے بہت رنج ہواہے، اللہ تعالیٰ استاذ محترم کی جملہ خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور ان کی بال بال مغفرت فرماکر درجات کو بلند فرمائے اور پسماندگان و تلامذہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ڈاکٹر علاو الدین شیخ نے کہاکہ مرحوم دارالعلوم وقف دیوبند طژ بنیادی افراد میں سے ایک تھا اور خانوادہ قاسمی کے معتمد خاص تھے ،اپنے علم اور صلاحیتوں سے انہوںنے بلند پایہ مرتبہ حاصل کیا، اپنی سادگی اور مشفقانہ رویہ ومحبت کے معاملہ کے سبب مرحوم عوام و خواص میں مقبولیت کا درجہ رکھتے تھے،علم کے بلند پایہ مرتبہ پر ہونے کے باوجود انہوںنے جس سادگی کے ساتھ زندگی گزاری وہ یقینا قابل رشک ہے۔
مولانا مرحوم اپنی خوش گفتاری، خوش خوئی، علم و قلم اور احوالِ زمانہ سے آگہی کے لیے یاد کیے جائیں گے۔ زندگی کے ہر موڑ پر میں نے انہیں ایک کھرا انسان پایا۔ مولانا نے اپنے پیچھے باقیاتِ صالحات کے طور پر تلامذہ کی کثیر تعداد کے علاوہ کتابیں اور مقالات بھی ملت کو دیے ہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعاءگو ہیں حضرت اساتذہ محترم جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
0 Comments