Latest News

مدھیہ پردیش میں تین مسلمانوں کے گھرو پر بلڈوزر، بھوپال میں نوجوان کو پٹے سے باندھ کر گھسیٹنے، بھونکنے پر مجبور کرنے اور تبدیلی مذہب کےلیے دبائو بنانےکا ویڈیو وائرل، ۶ کے خلاف مقدمہ، تین گرفتار، ملزمین پر این ایس اے لگایاگیا۔

بھوپال: دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں تبدیلی مذہب کا دبائو بنانے کےلیے ایک نوجوان کو اذیت دی گئی ہے، اس کے گلے میں پٹا باندھ کر گھسیٹا گیا، اسے سڑک پر گھٹنوں کے بل بٹھاکر بھونکنے کو کہاگیا، واقعہ کا ویڈیو وائرل ہورہا ہے اس میں وجے نام کا شخص کہہ رہا ہے کہ میں میاں بھائی بننے کےلیے تیار ہوں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پیر کو پولس نے ۶ ملزمین کے خلاف کیس درج کیا، ان میں سے تین ملزمین فیضان خان، سمیر خان، اور ساحل عرف صلاح الدین کو گرفتار کرلیا ہے۔
وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بتایا کہ ملزمین پر این ایس اے لگایاگیا ہے۔ پولس نے گرفتار ملزمین کا جلوس بھی نکالاساتھ ہی انتظامیہ نے ملزمین کے گھروں کو توڑنے کےلیے بلڈوزر کارروائی شروع کردی۔ وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہاکہ ہم نے ۲۴ گھنٹے میں کارروائی کرنے کی بات کہی تھی، چھ گھنٹے کے اندر ملزمین گرفتار کرلیے گئے ہیں، تھانہ انچارج کو لائن اٹیچ کردیاگیا ہے، ایسی قابل نفرت ذہنیت والے لوگ، ایسی قابل نفرت سوچ کو ہم کچلنے کا کام کریں گے، بھوپال میں وہ کارروائی جو پورے مدھیہ پردیش کےلیے نظیر بنے۔ وائرل ویڈیو میں متاثرہ گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوا ہے، گلے میں پٹا بندھا ہے، ایک ملزم بیلٹ کھینچ کر اس کا گلا کستے ہوئے کہتا ہے ’کتا بن ، بول بھائی سوری‘۔۔ نوجوان کہتا ہے ساحل بھائی میرے باپ ہیں، میرے بھائی کے بڑے بھائی ہیں۔ ملزم کہتا ہے ’بول فیضان بھائی میرے بھی پاپا ہیں‘۔ نوجوان کہتا ہے فیضان بھائی میرے بھائی ہیں، میری ماں ان کی بھی ماں ہے، ان کی ماں، میری بھی ماں ہے، اتنے میں ایک دوسرا ملزم کہتا ہے ’یہ کیسی حرکتیں کررہا ہے تو ۔۔۔میں نے تیرا کیا کیا تھا‘ اس کے جواب میں نوجوان کہتا ہے ’ساحل بھائی ، اپنی ماں کی قسم ، میں نے آپ سے سوری بول تو دیا ہے، اسٹوری پر دیکھو نہ‘۔ بیلٹ پکڑا ہوا ملزم کہتا ہے کتے کی طرح بھونکو، جس پر متاثرہ نوجوان کہتا ہے ’میں نے کچھ نہیں کیا، آپ کے دوستوں نے کرایا ہے سب‘۔ متاثرہ کسی شاہ رخ کا نام لیتے ہوئے کہتا ہے کہ ’اس کے کہنے پر ایسا کیا؟ وہی ڈراتا ہے، اپنی ماں کی قسم ! میاں بھائی بننے کےلیے تیار ہوں‘۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان کی شکایت پر پہلے تو پولس نے ایکشن نہیں لیا، لیکن واقعے کا ویڈیو وائرل ہوا تو بجرنگ دل کے کارکنان نے ملزمین کی گرفتاری کےلیے بھوپال کے ٹیلا جمال پورہ تھانے کے باہر احتجاج کیا۔ متاثرہ پنچوٹی کالونی، لال گھاٹی کا رہنے والا ہے، پولس کو شکایت کرتے ہوئے اس نے بتایاکہ ’واقعہ ۹ جون کی شب کا ہے، میں اور میرا دوست شاہ رخ شادی میں لینڈ مارک گارڈن گئے تھے، وہاں سے رات ساڑھے بارہ بجے لوٹا، شاہ رخ ٹیلا جمال پورا کا رہنے والا ہے، ہم ایکٹیوا پر تھے، میں نے شاہ رخ کو پھوٹا مقبرہ کے نزدیک اتارا اور اپنے گھر کےلیے بڑھ گیا، رام مندر والے روڈ پر مجھے فیضان لالا، ساحل بچا اور سمیر ملے، انہیں میں پہلے سے جانتا ہوں، سمیر نے مجھے روک کر طمانچہ مارا، فیضان جیب کی تلاشی لینے لگا، سمیر دور کھڑا ہوکر دونوں کو اکسا رہا تھا۔ اتنے میں بلال، مفید اور ایک دوسرا نوجوان وہاں آگیا، مجھے چاقو دکھا کر بائک پر بیٹھا لیا، بائیک فیضان چلا رہا تھا، سمیر مجھے پکڑ کر پیچھے بیٹھا تھا، میرے ایکٹیوے کی چابی اور دونوں موبائل چھین لیے، ایکٹیوا وہی چھوڑ دی، سبھی مجھے گوتم نگر ، پی جی بی ٹی کالج کے میدان میں لے گئے، کونے میں سنسان علاقے میں لے جاکر فیضان اور ساحل نے گلے میں بیلٹ باندھ دیا، سمیر، بلال، مفید اور ساحل نے مارپیٹ کی جیب میں پڑے سات آٹھ سو روپئے نکال لیے، وہ مارتے پیٹتے ہوئے کہہ رہے تھے ’تو میاں بن جا، بڑے کا گوشت کھانے لگ، تو ڈرپوک ہے، تیرے میں جگرا نہیں ہے‘۔ متاثرہ وجے کی فیضان ، سمیر اور ساحل سمیت دیگر ملزمین سے دوستی تھی، سبھی ساتھ میں کھانا پینا بھی کرتے تھے، بتایا جارہا ہے کہ فیضان نے وجے پر تبدیلی مذہب کو لے کر ایک تبصرہ کردیاگیا ، وجے نے اس کی مخالفت کی تھی، جسے لے کر ملزمین کا اس سے تنازعہ ہوگیا، ۹ جون کی شب ملزمین اسے پکڑ کر لے گئے اور اس کے گلے میں پٹا ڈال کر مار پیٹ کی ساتھ ہی تبدیلی مذہب کےلیے دبائو بنایا۔واقعے کی وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے نوٹس لی ہے، انہوں نے ملزمین کے خلاف این ایس اے لگانے اور تین ملزمین کے گھروں پر بلڈوزر چلانے کا حکم دے دیاہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر