Latest News

مایوسی کے دور میں خوش آئند خبر، نیٹ امتحانات میں علماء، ائمہ اور حفاظ کے بچوں کی شاندار کامیابی پر تاثراتی تحریر: شاہنواز بدر قاسمی۔

میڈیکل کالج میں داخلے کیلئے انٹرنس ایگزام جیسے مشکل امتحان (نیٹ2023) کا رزلٹ حال ہی میں جاری ہوا ہے۔ اس نتائج نے سوشل میڈیا پردھوم مچادیا ہے، امسال بڑی تعداد میں مسلم طلبہ وطالبات نے کامیابی حاصل کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ ہمارے یہ نوجوان اگر چاہ لیں تو مشکل سے مشکل امتحانات میں بھی کامیابی کے پرچم لہرا سکتے ہیں، ان کی خاموش محنت نے کامیابی پر اس قدر شور مچایا ہے کہ ہر چہرے پر مسکان نظر آرہا ہے جو یقینا پوری ملت کیلئے سکون دینے والی ایک اچھی خبر ہے۔
ہمارے ملک میں میڈیکل امتحانات کی تیاری کیلئے مشہور شاہین گروپ، اجمل فاونڈیشن، رحمانی 30 جیسے چھوٹے بڑے درجنوں اداروں سے بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے اپنی محنت، کوشش اور جدوجہد سے اس امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں، اس سال سب سے خوش آئند خبر یہ ہے کہ ان کامیاب امیدواروں کی فہرست میں علماء، ائمہ اور حفاظ کے بچے بھی شامل ہیں۔
سیتامڑھی بہار سے تعلق رکھنے والے محترم دوست اردو صحافی و عالم دین مولانا اشتیاق عالم کے صاحبزادے مہتاب اشتیاق، ارریہ کے مشہور ناظم جلسہ مولانا نیاز احمد قاسمی کی ایک بیٹی عائشہ تبسم اور بیٹا ابوبکر رضی، ضلع سہرسہ کے ہریوا گاؤں کے مولانا رفیق وارث مصباحی کی بیٹی ردا وارث، کشمیر کے کلگام جامع مسجد کے امام مولانا سجاد حسین کے جڑواں بیٹیاں سید صابیہ اور سید بسمہ، جامعہ ضیاء العلوم پونچھ کے طالب علم عبدالباسط، مدرسہ کاشف العلوم چھٹمل پور سہارنپور کے مہتمم مولانا آصف کے صاحبزادے حافظ محمد اعظم، سید پور کھگڑیا کے حافظ شمشیر عالم کی بیٹی سعدیہ تصوین سمیت بڑی تعداد میں ایسے بچوں نے نیٹ امتحان میں کامیابی حاصل کرکے ہم سب کا دل جیت لیا ہے۔
اللہ پاک سے دعا ہے مستقبل میں ڈاکٹر جیسے اہم منصب پر فائز ہوکر مریضوں کی خدمت کرنے والے یہ تما م کامیاب امیدواروں کو مزید ہمت، حوصلہ اور استقامت عطا فرمائے اور ملک و ملت اور سماج کے ہر طبقے کیلئے نافع بنائے۔
اس خاص موقع پرہم اجمل گروپ کے بانی مولانا بدرالدین اجمل قاسمی، شاہین بیدر کے چیف ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب، رحمانی 30 کے سربراہ جناب فہد رحمانی صاحب اور ان جیسے تمام اداروں کے ذمہ داران اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرنا چاہیں گے کہ مایوسی اور ناامیدی کے دور میں ہمارے ایسے بچے اس مشکل امتحان میں اگر کامیاب ہورہے ہیں تو یقینا آپ حضرات کی جدوجہد کا نتیجہ ہے_
علماء کے بچوں کو اعلی عصری تعلیم سے جوڑنے میں ایک اہم نام حضرت مولانا محمد ولی رحمانی ؒ کا ہے جنہوں نے مسلم نوجوانوں کو عصری تعلیم کی طرف متوجہ کیا اور الحمد للہ اس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آرہے ہیں، اس سلسلے میں ملک کے جن حصوں میں جو حضرات اس میدان میں کام کررہے ہیں وہ سبھی مبارک باد اور شکریہ کے مستحق ہیں، جزاک اللہ

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر