نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے ایک وفد نے مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کی سربراہی میں میرٹھ کے ڈی ایم اور ایس ایس پی سے ملاقات کی اور میرٹھ کے سوتی گنج بازار کو دوبارہ کھولنے کا مسئلہ اٹھایا ، ساتھ ہی وفد نے میرٹھ کے ایک گائوں پلڑا تحصیل موانہ کی مسجد میں نماز نہ ہونے اور عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروںکو لے کر ہو رہی پریشانیوں پر بھی گفتگو کی۔
واضح ہو کہ میرٹھ کا سوتی گنج بازار اسکریپ کاروبار کے لیے پورے خطے میں کافی شہرت رکھتا ہے ، لیکن پولس انتظامیہ نے بازار میں کچھ لوگوں کے ذریعہ غیر قانونی کاموں کا الزام لگاکر بازار کو مکمل طور پر بند کرنے کا حیرت انگیز فیصلہ صادر کردیا تھا ، بازار میں 480 دکانیں ہیں،ان سے متعلق افراد مالی تنگ دستی کے شکار ہیں ۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ان متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی درخواست پر ڈی ایم سے ملاقات کرکے اپنا موقف رکھا ۔
چنانچہ جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے ڈی ایم سے مطالبہ کیا کہ جو لوگ قانونی طور سے یہاں دکان چلارہے ہیں اور اپنے خاندان کی روزی روٹی کا انتظام کرتے ہیں ، ان کے لیے یہ بازاردوبارہ کھول دیا جائے اور چند لوگوں کے غلط کام کی سزا سبھی لوگوں کو نہ دی جائے ۔ جمعیۃ کی اس تجویز پر پولس کپتان نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک نیا سسٹم وضـع کیا گیا ہے ، اس کے مطابق مارکیٹ کے لوگ اپنا پروپوزل بنا کر لائیں ، اس کی روشنی میں مارکیٹ کھولنے کا عمل شروع کیا جائے گا ۔پولس کپتان نے عیدالاضحی سے متعلق جانوروں پر روک ٹوک پر بھی صاف کیا کہ ایسا کہیں نہیں ہو گا ۔ لوگوں کو جانور خریدنے اور لے جانے کی اجازت ہو گی ۔اگر کہیں پولس کا عملہ کسی کو پریشان کرتا ہے تو پولس کپتان نے صدر جمعیۃ علماء میرٹھ کو اپنا موبائل نمبر دیا ہے کہ اس پر اطلاع کریں ، ہم کارروائی کریں گے ۔ دوسری طرف گائوں پلڑا تحصیل موانہ کی مسجد سے متعلق شکایت پر پولس کپتان نے کہا کہ کسی مسجد میں نماز پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے ، چنانچہ جمعیۃ کے وفد نے گائوں کے ذمہ داروں سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہاں اب نماز شروع ہوگئی ہے ۔ جمعیۃ کے وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی کے علاوہ مولانا امیر اعظم صدر جمعیۃ علماء میرٹھ ، حافظ شبیر احمد، مولانا غیو راحمد قاسمی سینئر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، اسد جیلانی، مفتی ارشد قاسمی ، قاری سلیم غفرانی،صلاح الدین ، مولانا عبدالہادی جمعیۃ یوتھ کلب شریک تھے۔
سمیر چودھری۔
0 Comments