پارلیمانی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں دیوبند میں بی جے پی اقلیتی سیل کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں بی جے پی اقلیتی سیل کے لیڈران نے واضح اشارے دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہی مسلمانوں کی سچی ہمدرد ہے ۔ اس موقع پر بی جے پی اقلیتی سیل کے قومی صدر جمال صدیقی نے کہا کہ گزشتہ دنوں یوپی میں ہونے والے میونسپل بورڈ انتخابات میں بی جے پی کے غیر مسلم امیدوار ان علاقوں سے کامیاب ہوئے جہاں مسلم ووٹوں کا تناسب 80فیصد تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہندو اور مسلمانوں کے فرق کو ختم کردیا ہے اور وہ سب کا ساتھ ، سب کا وکاس فارمولے پر عمل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوپی حکومت کی جانب سے جو بھی اسکیمیں آرہی ہیں ان میں مسلمانوں کو برابر فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے اقلیتوں کے لئے جو کام کئے ہیں پارٹی کارکنان ان کاموں سے لوگوں بالخصوص اقلیتوں کو روشناس کرارہے ہیں اور لوگوں کے مسائل بھی معلوم کئے جارہے ہیں تاکہ ان کا حل نکالا جاسکے۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک اور ریاست میں ہندو مسلم کا بھید بھاﺅ ختم ہورہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لاءبورڈ کی جانب سے یکساں سول کوڈ کی مخالفت اس لئے کی جارہی ہے کیو ںکہ اس کے نفاذ سے ان کی دوکانیں بند ہوجائیں گی۔ انہو ںنے کہا کہ ملک میں ایک سمان قانون بننے سے سب کو برابری کے حقوق ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم طبقے کو تعلیم کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اس لئے مرکز کی مودی اور ریاست کی یوگی حکومت مسلمانوں کے اندر تعلیم کے تئیں بیداری پیدا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی حکومت میں مسلمان اپنے آپ کو محفوظ تصور کررہا ہے۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی صدر کنور باسط علی نے کہا کہ عوام نے ایسے لوگوں کو درکنار کردیا ہے جو بات بات پر نفرت پھیلاتے تھے اس لئے اب مودی اور یوگی کو مسلم طبقہ بھی اپنا لیڈر تسلیم کررہا ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا مسلم ممالک میں بھی پرتپاک خیرمقدم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت خاندانی منصوبہ بندی قانون لاتی ہے تو وہ مسلمانوں کے مفاد میں ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ اس سے مسلم سماج کی ترقی کی راہیں کھلیں گی ۔ باسط علی نے کہا کہ اب مسلم طبقہ بی جے پی کے ساتھ جڑ رہا ہے کیو ںکہ اجول اسکیم ، آیوش مان کارڈ اور دیگر اسکیموں سے اقلیتوں کا بی جے پی کے تئیں یقین بڑھتا جارہا ہے ۔ انہوں نے تمام مسلم طبقات سے اپیل کی کہ وہ کھل کر بی جے پی پارٹی کی حمایت میں آگے آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اترپردیش کے تمام 80پارلیمانی حلقوں میں اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2024کے پارلیمانی انتخابات کے بعد ایک مرتبہ پھر نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم منتخب ہوںگے۔ پروگرام کی نظامت احسان راﺅ نے کی ۔ اس موقع پر مورچہ کے قومی نائب صدر اظہار احمد ، ضلع صدر حیدر گوجر، شہر صدر مرتضیٰ، نعیم ملک وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران عامر نعمانی ، آصف منصوری ، پرویز عباسی، چودھری سمیر حسن، اکرم عباسی اور رضوان انصاری وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments