سہرسہ: معروف اقامتی ادارہ وژن انٹرنیشنل اسکول کے پانچ سال مکمل ہونے پر آج یوم تاسیس تقریب کااہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں معزز مہمانان اور طلباو طالبات کے علاوہ سرپرستان حضرات نے شرکت کی۔
اس موقع پر اسکول کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر شاہنواز بدر قاسمی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہاکہ آج سے پانچ سال قبل 22جون 2018میں کوسی کمشنری کے ہیڈ کواٹر سہرسہ میں ملک کے معروف عالم دین حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی ؒ سمیت کئی اکابرین ملت و دانشوران قوم کی موجودگی میں اس اسکول کاقیام عمل میں آیا تھا، اس درمیان کئی مشکل حالات آئے لیکن الحمدللہ ہمارے ساتھیوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور اپنی منزل کی طرف آگے بڑھتے رہے۔آج اس اسکول کی جو بھی سرگرمیاں دیکھ رہے ہیں یہ دراصل ہمارے بڑوں کی دعاؤں اور اساتذہ و کارکنان کی محنت و جدوجہد کانتیجہ ہے۔
شاہنوازبدر نے کہاکہ وژن انٹرنیشنل اسکول میرے لئے صرف ایک اسکول نہیں بلکہ ایک تحریک اور مشن ہے اور ہم اسی جنون کے ساتھ اس مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں، اب تک اس طرزپر کئی اسکول کھل چکے ہیں جو میرے لئے خوش نصیبی کی بات ہے۔اس ادارے کے قیام کا اصل مقصد میعاری تعلیم اور مثالی تربیت کا فروغ ہے، دینی و دنیوی تعلیم کے نام پرہمارے اداروں میں جوتعلیمی تفریق ہے اس کے خاتمے کیلئے ہم کوشش اور جدو جہد کررہے ہیں،موجودہ نصاب تعلیم وتربیت پر توجہ دینا اور اصلاح کی ہر ممکن کوشش کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس تقریب میں شامل ہونے والے تمام مہمانوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ آپ جیسے کرم فرماؤں کی وجہ سے اس کارواں کو آگے بڑھانے میں آسانی ہورہی ہے۔
نوجوان عالم دین و ناظم جلسہ مولانا لطف الرحمن صمدانی قاسمی علیگ نے کہاکہ یہ ادارہ بہت کم عرصے میں مقبولیت حاصل کی ہے، یہاں کا نصاب تعلیم و تربیت ایک ماڈل ہے جسے دوسرے اسکولوں کو بھی اپنانا چاہئے، دینی ماحول میں انگلش میڈیم اسکول کی تعلیم اپنے آپ میں ایک مثالی ہے، یہاں کے بچوں کی صلاحیت دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ایسے بچے یقینا اپنی قوم اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
اس موقع پر سماجی شخصیت ماسٹر محمد بدرالدین، اسکول کے ڈائریکٹر نعیم صدیقی، پرنسپل عفان قاسمی، صدام سر، قاری صابر احمد،تاجور میم، نور فاطمہ، شازیہ قاسمی، ثانیہ گوہر،ماسٹر مختار عالم، محمد مرغوب عالم، مجیب عالم، محمد ہمایوں، عاقب جاوید وغیرہ خصوصی طور پر موجو د رہے۔
0 Comments