امپھال: منی پور میں تشدد تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے، حالات پر قابو پانے کےلیے مرکزی اور ریاستی حکومت کی طرف سے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں، اتوار کو منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرکے یہاں کی بدلتی صورتحال سے آگاہ کیا، انہوں نے کہاکہ ریاست اورم رکزی حکومت تشدد پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیاب ہوئی ہے، اسی درمیان یہ خبر بھی ہے کہ منی پور میں جاری تشدد کے واقعات کے درمیان وزیر اعلیٰ کی طرف سے ریاست میں ایک بار پھر نیٹ خدمات ۳۰ جون تک کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ نیوز ایجنسی بھاشا کی ایک رپورٹ کے مطابق امپھال سے اتوار کی صبح دہلی پہنچے منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ان کے گھر پر ملاقات کی، امیت شاہ سے ملاقات کرنے کے بعد انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور منی پور کے زمینی حالات سے واقف کرایا، امیت شاہ کی باریک نگرانی میں ریاست اور مرکز گزشتہ ایک ہفتے میں کافی حد تک تشدد پر قابو پانے میں کامیاب ہوئی ہے۔
0 Comments