Latest News

کورونا وبا کے بعد ۲۰؍ لاکھ مسلمان حج ادا کریں گے، ۸؍ذی الحجہ سے مناسک حج کا آغاز، لبیک اللہم لبیک کی گونج، مسجد نمرہ میں خطبہ حج شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید دیں گے، منی اور عرفات میں خیمے سلامتی وسائل سے آراستہ۔

مکہ مکرمہ: کل ۸؍ ذی الحجہ سے مناسک کا آغاز ہوگا، دنیا بھر سے عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔ مشاعر مقدسہ میں ’’لبیک اللہم لبیک‘‘ کی صدائیں گونج رہی ہیں، کورونا وبا کے بعد پہلی مرتبہ تقریباً ۲۰ لاکھ سے زائد عازم حج کا فریضہ انجام دیں گے۔وہیں خطبہ حج شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد سعید دیں گے۔ اطلاعات کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ اس سال تقریباً۲۰ لاکھ افراد حج ادا کریں گے۔ وزیر حج نے کہا کہ سعودی عرب نے ضیوف الرحمن کی سہولت کے لیے کئی ارب ریال خرچ کیے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ’حج مقررہ مناسک ادا کرنے والا رکن ہے نہ کہ سیاسی نعرے بازیوں کا اکھاڑہ۔‘ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ وزارت نے حج مقامات پر حجاج کی آمد ورفت کو منظم کرنے کے لیے حج مشنوں اور معلمین کے ساتھ منظم منصوبہ بندی مرتب کی ہے۔سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمانڈر حمود الفرج نے حج سیزن میں محکمہ شہری دفاع کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔کمانڈر حمود الفرج نے کہا کہ ’حج سیزن ۲۰۲۳کے دوران خطرات سے بچاؤ اور آگہی پر توجہ مرکوز ہے۔ منیٰ اور عرفات میں تمام خیمے سلامتی کے وسائل سے آراستہ ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’شہری دفاع کے اہلکاروں کو متعدد تربیتی کورس کرائے گئے ہیں۔ انہیں اس بات کی تربیت دی گئی ہے کہ عازمین حج کو ہر طرح کے خطرات سے بچانے والے انتظامات پر توجہ اور خطرے کی صورت میں متاثرین کا دائرہ محدود تر کرنے کا اہتمام کیا جائے۔‘حمود الفرج نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں شہری دفاع کے ادارے اور اہلکار حفاظتی سکیموں، آگہی پروگرام، آپریشن سسٹم اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔‘’اس مقصد کے لیے المشاعر آپریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں رضاکاروں کی خدمات لی گئی ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’مسجد الحرام میں سکیورٹی فورس کی مدد کی جا رہی ہے جبکہ حج ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ساتھ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سلسلے میں حکمت عملی بھی تیار ہے۔‘دریں اثناء شیخ ڈاکٹر یوسف یوم عرفہ پر خطبہ حج دیں گے، جس کا ترجمہ اردو سمیت دنیا کی متعدد زبانوں میں براہ راست نشر کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ شیخ ڈاکٹر ماھر بن حمد المعیقلی کو المسجد الحرام کے مبلغ اور احتیاطی امام کے طور پر مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد نمرہ سے حج خطبہ براہ راست ۲۰ زبانوں میں ۳۰۰ ملین سے زیادہ لوگوں کو پیش کیا جائے گا اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ ’منارۃ الحرمین‘ پلیٹ فارم پر بھی براہ راست نشر ہوگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے حج کا خطبہ حالیہ حج موسم کا اہم اور نمایاں ترین عمل ہوگا۔ خطبہ ’دنیا بھر کے لوگوں کے لیے رہنمائی‘ سلوگن کے تحت ہوگا۔ ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ سعودی وژن ۲۰۳۰کے مطابق ترقیاتی عمل میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ انتظامیہ کے ماتحت ترجمہ جات کی ایجنسی کا معیار بلند ہو اور ۳۰۰ ملین سے زیادہ افراد تک اسلام کی اعتدال پسندی کا پیغام پہنچایا جائے۔بتادیں کہ ڈاکٹر یوسف بن محمد بن سعید امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی میں عقیدہ ومعاصر ادیان کے پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔ وہ سائنسی کمیٹی برائے قومی تعلیم عامہ سے متعلق سمپوزیم کے چیئرمین ہیں۔وہ پانچ سال یونیورسٹی کی مقالہ امتحانی کمیٹی کے رکن رہے۔ دو سال کے لیے یونیورسٹی کی ڈین شپ آف سائنٹفک ریسرچ کی کونسل کے رکن رہے۔ پوسٹ گریجویٹ سٹڈیز کی ڈین شپ کی کونسل کے رکن رہے۔ وہ 1415ھ سے امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی میں لیکچرر ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر