ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کی کوششوں سے ووڈ کارونگ انڈسٹری کے لئے سالوں کا خواب جلد پورا ہونے جارہا ہے۔ آج اترپردیش حکومت کی” عہد اسکیم“ کے تحت ترقی کررہے ووڈ کارونگ کلسٹر کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ پلکھنی انڈسٹریل ایریئے میں منعقدہ پروگرام میں بہوجن سماج پارٹی ممبرپارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن میئر ڈاکٹر اجے کمار سنگھ، ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر ، ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڑا، ووڈ کارونگ مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری محمد اوصاف گڈو اور رام جی سنیجا کے ذریعہ سنگ بنیاد رکھی گئی ۔ واضح ہو کہ ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے ووڈکارونگ انڈسٹری کو بڑھاوا دینے کے لئے اپنے سطح سے ہرممکنہ کوشش کی ، پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کے ساتھ ہی مرکز اور ریاستی سرکاروں کو مکتوب ارسال کئے ۔ انہوں نے سہارنپور میں ووڈ کارونگ کلسٹر کی تعمیر کے لئے اہم کردار اداکیا۔ اس کے علاوہ حاجی فضل الرحمن نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں سے برابر رابطہ رکھا اور ملاقاتیں کرتے رہے۔ پلکھنی انڈسٹریل ایریئے میں سنگ بنیاد کے پروگرام میں بہوجن سماج پارٹی ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے کلسٹر کی ترقی کے لئے 10کروڑ روپے سے زائد رقم کا چیک گزشتہ دنوں ضلع کے صنعت کاروں کو دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سہارنپور کی شہرت یافتہ ووڈ کارونگ انڈسٹریز کو بڑھا وا دینے کے لئے وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا یہ اچھا قدم ہے۔ سہارنپور کے میئر ڈاکٹر اجے کمار سنگھ نے کہا کہ ووڈکارونگ انڈسٹریز کے لئے وزیر اعلیٰ اترپردیش کی ذاتی سوچ اور اس علاقہ کے لئے ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہارنپور ہینڈی کرافٹ ڈیولپمنٹ سینٹر وزیر اعلیٰ کی اسی سوچ کا نتیجہ ہے۔ ڈائریکٹر اوصاف گڈو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ووڈ کارونگ انڈسٹریز کے لئے دل کھول کر ترقیات کے راستے کھول رہے ہیں، ان کی اس سوچ سے ووڈ کارونگ انڈسٹریز اونچائیوں پر پہنچے گی۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چند رنے کہا کہ کلسٹر کی تعمیر سے لکڑی کے کاروبار کے ساتھ ہی کاریگروں کو بھی روزگار کے مواقع ملےں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار سماج کے ہر شخص تک روزگار مہیا کرارہی ہے۔ ایس ایس پی وپن تاڑا نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے پر چاروں طرف خوشحالی پیدا ہوتی ہے ۔ آخر میں سدھارتھ یادو، اور انجو رانی نے کلسٹر کے سنگ بنیاد پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پرمیندر سنگھ، رویندر مگلانی، کے ایل اروڑہ، سکریٹری انوار احمد، پرمود سڈانہ ، جنید خان، ٹنکو، اسعد کاشف، عقیل احمد، آصف انصاری، منیش ، محمد اکمل، احترام الحق، ریحان خاں وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments