Latest News

مولانا رحمانی ملک وملت کے حالات سے کما حقہ واقفیت رکھتے ہیں، بورڈ صدر کے لئے ان کا انتخاب ملت اسلامیہ ہند کے لئے نیک فال، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے مسلم پرسنل لاءبورڈ کا پانچواں صدر منتخب ہونے پر دیوبند سے علماءکرام نے پیش کی مبارکباد۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ممتاز عالم دین اور مشہور علمی شخصیت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو مسلمانوں کی سب سے باوقار تنظیم آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کا پانچواں صدر منتخب کیاگیاہے، گزشتہ 13 اپریل کو حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی کے انتقال کے بعد خالی ہوئے اس عہدہ کے لئے اندور میں منعقد بورڈ کے دوروزہ 28 ویں اجلاس میں متفقہ طورپر یہ فیصلہ کیاگیاہے، دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے صدر عہدہ کے لئے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے نام کی تجویز پیش کی،جس کی صدر جمعیة مولانا محمودمدنی اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی سمیت جملہ عہدیدان نے تائید کی ،جس کے بعد متفقہ طورپر مولانا رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیاگیاہے، مولانا خالد سیف الرحمن کے حسن انتخاب پر علمی شخصیات اور نامور علماءکرام و دانشوران نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور اس فیصلہ کو بورڈ کے حق میں نیک فال قرار دیا اور کہاکہ یقینی طور پر مولانا خالد سیف الرحمن کے انتخاب سے بورڈ مزید مضبوطی اور نئی توانائی کے ساتھ ملی مسائل کو حل کرنے کی ذمہ داری انجام دیگا۔
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے انتخاب پر دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث مولانا سیداحمد خضر شاہ مسعودی نے انتہائی مسرت کااظہار کرتے ہوئے بورڈ ارکان کے اس فیصلہ کو دانشمندانہ قرار دیا اور کہاکہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ہر زاویہ سے اس عہدے کے لئے موزوں شخصیت ہیں۔مولانا احمد خضر شاہ مسعود ی نے کہاکہ مولانا رحمانی نہ صرف عظیم علمی شخصیت کی حیثیت رکھتے ہیں بلکہ ان کے پاس بورڈ کے اندر کام کرنے کا عملی تجربہ بھی ہے، اللہ تعالیٰ اس انتخاب کو ملت کے حق میں بہتر سے بہتر فرمائے اور مولانا رحمانی کو صحت سلامتی عطا فرمائے۔
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے پانچویں صدر منتخب ہونے پر عاشق ملت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی قومی صدر آل انڈیا ملی و رکن تاسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ نے مولانا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کو اللہ تعالیٰ نے علم و فضل سے نوازا ہے، مجھے امید ہے کہ اللہ تعالی نے جو صلاحیتیں اور تجربات آپکو عطا کئے ہیں انکی روشنی میں مزید قوت کے ساتھ آپ کام کو آگے بڑھائیں گے، اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و مددگار ہو۔
یوپی رابطہ کمیٹی کے سیکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے اپنے تہنیتی بیان میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملت اسلامیہ ہند کے لئے نیک فال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ منتخبہ صدر ایک باوقار عالم دین ہونے کے ساتھ ملک وملت کے سیاسی سماجی حالات سے کما حقہ واقفیت رکھتے ہیں اور ملت کو درپیش چیلنجز کی پوری معلومات رکھتے ہیں، اسی کے ساتھ مولانا فضل الرحیم مجددی صاحب بزرگ ہوشمند عالم دین ہیں جو ملت کے مسائل کو باریک بینی سے دیکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہیکہ ان شاءاللہ نئی منتظمہ جس میں نئی نسل کی نمائندگی خاصی تعداد میں ہے۔ مسائل کو حل کرنے میں بزرگ قیادت کی سرپرستی میں معاون ثابت ہو گی۔

ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے انتخاب پر مبارکباد پیش رکھتے ہوئے مولانا رحمانی نہ صرف ایک عظیم علمی شخصیت ہے بلکہ وہ طویل تجربہ رکھتے ہیں، بورڈ ارکان کا یہ فیصلہ قابل ستائش ہے، انشاءاللہ مولانا رحمانی کی صدارت مسلم پرسنل لاءبورڈ کے پلیٹ فارم سے مضبوطی کے ساتھ بہتر انداز میں ملی مسائل کو حل کرنے کا فریضہ انجام دیا جائیگا۔ انہوں نے بورڈ ارکاکنان کے حسن انتخاب پر بھی انہیں مبارکباد پیش کی۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے رکن و ممتاز عالم دین مولانا ندیم الواجدی اور کل ہندرابطہ مساجد کے جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ ابن القمر الحسینی نے مولانا رحمانی کو مبارکباد پیش کی بورڈ کے فیصلہ کو انتہائی فال قرار دیا۔ انہوںنے کہاکہ مولانا اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا اور المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے روح رواں ہونے کے ساتھ ایک ماہر فقیہ، مقبول عالم دین، ماہر مدرس و مصنف اور ہر دلعزیز علمی شخصیت کے مالک ہیں، مولانا تمام ہی طبقات میں پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ مولانا بورڈ کے پہلے ایسے صدر منتخب ہوئے ہیں جنہیں جنرل سکریٹری جیسے اہم عہدے پر بھی رہنے کا شرف حاصل ہے،اسلئے انشاءاللہ ان کے علم اور تجربات سے بورڈ اور ملت کو فائدہ پہنچے گا۔
مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی سکریٹری شعبہ دینی تعلیم آل انڈیا ملی کونسل نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے منتخب ہونے پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے، انھیں مبارک باد پیش کی اور کہا کہ مولانا نے ملت کو تعلیمی اعتبار سے ترقی دی ہے، وہ علم و عمل اورصلاحیت و صالحیت کے جامع ہیں، لہٰذا اس منصب و عہدہ کے وہ یقینا مستحق ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر علماءکرام اور دانشوران نے اپنے تہنیتی پیغامات میں خوشی کااظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر