حج اسلام کا پانچواں رکن ہے جو صاحب استطاعت پر فرض ہے، ہر مسلمان کی دلی تمنا ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں ایک مرتبہ ہی سہی کعبة اللہ کا دیدار اور مقامات مقدسہ کی زیارت کرے امسال بھی کئی لاکھ حجاج کرام حج جیسے اہم اور مہتم بالشان فریضہ کی تکمیل کے لئے حرمین شریفین کا رخ کررہے ہیں۔ بڑی خوشی کی بات ہے امسال خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر اس سال 1300 افراد کو شاہی مہمان کے طور پرحج کرایا جائے گا جن کا تعلق 90ممالک سے ہوگا۔ خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے ہر سال دنیا بھر کے مختلف ممالک کی ممتاز شخصیات کو شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کی روایت ہے۔
شاہی مہمانوں کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس سال 13سوافراد شاہی مہمان ”ضیوف خادم الحرمین الشریفین“ کاحصہ ہوں گے۔ ’ضیوف خادم الحرمین الشریفین، پروگرام کے نگران اعلیٰ وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹرعبداللطیف بن عبدالعزیزآل الشیخ نے شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کے احکامات پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکرایہ ادا کیا ہے۔ہندوستان جہاں30 کروڑسے زائد مسلمان بستے ہیں ‘ ان میں سے تقریبا 30 شخصیات کا حج 2023 کے لئے شاہی مہمان کے طور پر انتخاب ہوا ہے۔
جنوبی ہند سے شاعر اطفال ڈاکٹر حافظ کرناٹکی رئیس جمعیة مدینة العلوم وناظم ادارہ گلشن زبیدہ شکاری پور، مولانا مقصود عمران رشادی امام و خطیب جامع مسجد سٹی مارکیٹ بنگلور مولانا محمد حذیفہ وستانوی مدیر تعلیم جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا مہارشٹرا، منور زماں موٹیویشنل اسپیکر شاہی مہمان بن کر سفر حج کے لئے روانہ ہو رہے ہیں۔ شمالی ہند نامور عالم دین اور جامع مسجد امروہہ کے استاذ حدیث مفتی سید عفان منصورپوری بھی شاہی دعوت پر شاہی مہمان بن کر رواں سال سفر حج کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
اس موقع پر مولانا حذیفہ وستانوی صاحب نے کہا کہ یہ محض اللہ کا فضل ہے کہ اس نے ہمیں شاہی مہمان بنا کر اپنے گھر کا دیدار کرارہا ہے۔ اس موقع پر ہم سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں مولانا مقصود عمران صاحب نے اپنے شاہی مہمان بننے پر اللہ کا شکرادا کیا اور سفر حج کی آسانی اور قبولیت کے لئے عوام سے دعاﺅں کی درخواست کی، منور زماں نے کہا کہ ہم تعلیمی میدان میں کام کررہے ہیں بچوں کے مستقبل کو سنوارنا اور نکھارنا ہمارا مشن ہے ،شایداسی خدمت کے طفیل اللہ تعالیٰ اپنا خصوصی فضل فرماتے ہوئے بحیثیت شاہی مہمان مجھے اپنے گھر کی زیارت کرارہاہے۔
شاعر اطفال ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے اس موقع پر کہا کہ یہ بچوں کی خدمت اور ان کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ میں بطور شاہی مہمان سفر حج کے لئے جارہاہوں ہندوستان کی اتنی بڑی آبادی میں ہمارے نام کا انتخاب یہ محض اللہ کا فضل اور اس کا خصوصی انعام ہے اور محض اسی کی توفیق سے ہم اس فریضہ کی تکمیل کرپا رہے ہیں ۔ ہم دعا کرتے ہیں اللہ سفر حج آسان فرمائے اور اپنی قبولیت سے ہمکنار فرمائے۔
واضح رہے کہ 90ممالک سے جن 1300ممتاز شخصیات کا ” ضیوف خادم الحرمین الشریفین “ کی حیثیت سے انتخاب ہوا ہے ۔ ان کیلئے تمام انتظامات شاہی انداز سے کئے جاتے ہیں، جن پر لا کھو ں ریال کے مصارف آتے ہیں جو تمام حکومت سعودیہ عربیہ برداشت کرتی ہے۔ آمدورفت کے علاوہ حج کے دوران بھی ان کے لئے شاہی نظم ہوتا ہے، ان شاہی مہمانوں کیلئے حسن انتظامات کی راست نگرانی وزیراسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ کرتے ہیں۔
سمیر چودھری۔
0 Comments