Latest News

ذہنی الجھنوں سے چھٹکارا وسکون کے لیے اپنے رب کو یاد کریں: خطیب جمعہ محمداقبال۔

 آگرہ: مسجد نہر والی میں خطبہ جمعہ کے دوران خطیب الحاج محمد اقبال نے کہا کہ آج ایک ایسی بات پر گفتگو کریں گے جو آج ہر ایک کے لیے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے، امیر ہو ، غریب ہو، شہر کا ہو، گاؤں کاہو، کالا ہو، گورا ہو، مرد ہو، عورت ہو، تقریباً ہر ایک ذہنی تناؤ اور کسی الجھن میں مبتلا ہے یہ ہی وہ مسئلہ ہے جس سے آج سب پریشان ہیں ، اس کا کیا حل ہے ، عام طور پر انسان یہ سمجھتا ہے کہ اگر میرے پاس دولت ہو تو اس سے میں یہ پریشانی ختم کرسکتا ہوں ، میرے پاس راحت اور آرام کی تمام چیزیں ہوں گی تو مجھے سکون اور چین ملے گا ، لیکن تجربے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ جس کے پاس زیادہ دولت ہے وہ اتنا ہی پریشان ہے نیند کے لیے بھی گولیاں کھاتا ہے ، سکون و راحت تو چھوڑئیے ، ہم کو یہ دیکھنا چاہیے کہ اس سلسلے میں اسلامی تعلیمات کیا ہیں ، اس میں کیا رہنمائی ہمارے لیے ہے، کیوں کہ قرآن ہم کو زندگی گذارنے کا طریقہ بھی بتاتا ہے ، لیکن ہم اس طرف دھیان نہیں دیتے ، اصل چیز کو چھوڑ کر خود اپنی بنائی ہوئی چیزوں میں سکون تلاش کرتے ہیں ،اس لیے ہم کو قرآن وحدیث کی طرف اپنا مسئلہ لے جانا چاہیے قرآن میں سورہ الفتح آیت نمبر 4 میں بتایا گیا ہے “ اللہ وہ ہے جس نے ایمان والوں کے دلوں میں سکون و اطمینان اتارا” صحیح بخاری کی حدیث نمبر 3034 میں بتایا گیا ہے “ کہ غزوہ خندق کے موقعہ پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ کا یہ شعر پڑھا جس کا مطلب تھا یا اللہ ہمارے دلوں کو سکون اور اطمینان عطا فرما “
اس سے معلوم ہوا کہ ہم کو اللہ کی طرف ہی اپنا مسئلہ لے جانا ہے اگر ہم اپنی ذہنی الجھنوں اور پریشانیوں سے چھٹکارا اور سکون چاہتے ہیں تو اپنے رب کی طرف جھکیں اسی کے آگے اپنی بات رکھیں وہ ہی دلوں میں سکون اور اطمینان اتارے گا ، قرآن میں ہی اللہ نے بلکل صاف طور پر اسی بات کو بتابھی دیا سورہ نمبر 13 اور آیت نمبر 28 میں کہا “ یاد رکھو اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو تسلی حاصل ہوتی ہے “  اس لیے غلط طریقے کو چھوڑ کر سیدھے راستے پر آجائیں مسئلہ حل ہوجاے گا ان شاءاللہ ۔ آج سے ہی ہم اپنے راستے کو تبدیل کریں تو اللہ سے امید ہے کہ اللہ ہمارے لیے آسانی فرماے گا پہل ہم کو کرنی ہے، اللہ مجھے بھی اور آپ سب کو بھی سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرماے آمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر