یکساں سیول کوڈ کے خلاف ملک میں جاری احتجاج کے پیش نظر امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے عہدیداروں نے سی پی آئی-ایم ایل لیڈروں سے ملاقات کی اور بہار میں بھی اس کی مخالفت کرنے کی اپیل کی۔ امارت شرعیہ کے وفد میں نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی، قائم مقام ناظم مولانا شبلی قاسمی اور نائب ناظم مولانا سہیل احمد ندوی شامل تھے۔ وفد نے سی پی آئی (ایم ایل) کے ریاستی سکریٹری کنال، پولٹ بیورو کے رکن امر اور پھلواری کے ایم ایل اے گوپال روی داس سے یکساں سول کوڈ کو لیکر تبادلہ خیال کیا۔ سی پی آئی ایم ایل لیڈروں نے تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ ہندوستان متنوع ثقافتوں اور رسوم و رواج کا ملک ہے، اس لیے یکساں سول کوڈ کے نام پر یکسانیت مسلط کرنے کی کوشش الٹے نتائج دے سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اس کے ذریعے سماج کو تقسیم کرنا چاہتی ہے اور انتخابی حساب لگا رہی ہے۔ سی پی آئی-ایم ایل واضح طور پر مانتی ہے کہ ملک کی سالمیت کو تباہ کرنے کےلئے بی جے پی ایک بار پھرسے یونیفارم سول کوڈ کا راگ چھیڑ کر اس کے ذریعہ ووٹوں کا پولرائیزیشن کرنا چاہتی ہے،ہندوستان مختلف ثقافتوں اور رواجوں والا ملک ہے۔ ایسے میں ملک کے تنوع کو ختم کرنے اور یونیفارم سول کوڈ کے نام پر یکسانیت تھوپنے کی کوئی بھی کوشش صحیح نہیں ہوگی۔سماجی اور قانونی اصلاحات کو انتخابی حساب سے الگ رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے امارت شرعیہ کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ سی پی آئی-ایم ایل یو سی سی کے خلاف مضبوطی سے کھڑی ہے اور اسے عظیم اتحاد کی جماعتوں کے درمیان بھی لے جائے گی۔ وہیں امارت شرعیہ کے عہدیداروں نے سی پی آئی ایم ایل قائدین کو بتایا کہ وہ یو سی سی کے خلاف ایک آن لائن مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے سی پی آئی ایم ایل قائدین سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو نئی رفتار دیں۔
0 Comments