Latest News

غازی آباد میں پرویز کی لنچنگ، بھونیشور اور کھنڈوہ میں چار نوجوانوں کی پٹائی، جے شری رام کے نعرے لگوانے پر مجبور کیا۔

 ممبئی: ملک بھر میں نفرتی ٹولہ سرگرم ہے، سرعام مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کی مسلسل خبریں آرہی ہیں، غازی آباد میں پرویز کو ماردیاگیا ہے وہیں بھونیشور اور کھنڈوہ میں چار مسلم نوجوانوں کی پٹائی کی گئی ہے اور جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیاگیا ہے۔ جرنو مرر کی خبر کے مطابق غازی آباد میں محبوبہ سے ملنے گئے مسلم نوجوان کو سنجے اور اس کے ساتھیوں نے اس قدر بے رحمی سے مارا پیٹا کہ اس کی موت ہوگئی۔ غازی آباد جن کے کھیڑا تھانہ علاقہ میں پرویز اپنی محبوبہ سے ملنے اس کے گھر گیا تھا جہاں لڑکی کے اہل خانہ نے اسے پکڑ لیا اور اس کی بے رحمی سے پٹائی کی، مسلم نوجوان کو پیٹنے کے بعد ملزمین نے خود ہی پولس کو فون کیا اورموقع پر پہنچی پولس کو بتایاکہ پرویز چورے کے بہانے سے گھر میں گھسا تھا، پولس نے زخمی حالت میں پرویز کو غازی آباد کے ایم ایم جی اسپتال میں داخل کرایا جہاں اس نے دم توڑ دیا، پولس نے جب اس معاملے کی تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ یہ چوری کا نہیں بلکہ محبت کا معاملہ تھا۔ پولس نے اس معاملے میں لڑکی کے والد سنجے سمیت تین لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا ہے۔ ادھر کھنڈہ میں گائے کا گوشت لے جانے کے شک میں بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے کارکنان نے پولس کی موجودگی میں دو مسلم نوجوانوں کو بے رحمی سے مارا پیٹا۔ پولس نے اس معاملے میں دونوں فریق کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، متاثرہ شیخ شاہد اور شیخ مبارک پر جانوروں کے تحفظ سے متعلق ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہےاور گوشت کو لیبارٹری بھیج دیاگیا ہے۔ ادھر اڈیشہ کے بھونیشور کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں ہندو وادی تنظیم کی بھیڑ نے ۲ مسلم نوجوانوں کو رسی سے باندھ کر مارا پیٹا اور جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔ سوشل میڈیا پر نظر رکھنے والے محمد تنویر نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ہندو تو وادی مسلم نوجوانوں کو رسی سے باندھ کر پیٹ رہے ہیں۔ تنویر نے لکھا کہ’’ دہشت گرد بھیڑ مسلم نوجوانوں کو مار رہی ہے، اور خوشی بھی منارہی ہے او راپنے بھگوان کو خوش کرنے کی کوشش بھی کررہی ہے‘‘۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر