مظفرنگر: عزیز الرحمن خاں۔
شاملی میں گائے پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے بی جے پی اقلیتی سیل کے ضلع جنرل سکریٹری راؤ افتخار کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ بی جے پی لیڈر کے خلاف مذہبی جذبات بھڑکانے کے الزام میں رپورٹ درج کی گئی ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد ہندو تنظیم کے عہدیدار کی جانب سے دی گئی تحریر پر تھانہ صدر پولیس نے راؤ افتخار اور اس کے چند دوستوں کے خلاف سماج میں دشمنی پھیلانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قصبے کے راؤ افتخار اور اسرار کے درمیان 19 جولائی کو لڑائی ہوئی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کی بنیاد پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے دونوں فریقین کی تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا تھا۔ دریں اثناء بی جے پی اقلیتی سیل کے ضلع جنرل سکریٹری راؤ افتخار نے شاملی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک پولیس افسر پر سنگین الزامات لگائے۔ اب سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں افتخار نے گائے پر متنازعہ ریمارکس دیے ہیں۔ جس کا نوٹس لیتے ہوئے قصبے کے ہی ہندو تنظیم کے کارکن دگ وجے سنگھ نے تھانے میں تحریر دے کر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ بھون چوکی انچارج ایس آئی راگھویندر سنگھ نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب بی جے پی اقلیتی سیل کے ضلعی جنرل سیکریٹری راؤ افتخار کا کہنا ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو ان کی نہیں ہے۔ جانچ کہیں بھی کی جا سکتی ہے۔ اسے بدنام کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
0 Comments