Latest News

مذہبی پیروی کرنے والوں کو یو سی سی قبول نہیں، یکسا سول کوڈ کے خلاف جمعیۃ علماء بڈھانہ کا اہم اجلاس منعقد۔

مظفر نگر: سمیر چودھری/عزیز الرحمن خان۔
جمعیۃ علماءشاخ بڈھانہ کے مقامی دفتر قاسمی منزل میں یکساں سول کوڈ کے خلاف ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جسکی صدارت شہر صدر حافظ شیردین نے کی اور نظامت کے فرائض حافظ تحسین رانا نے انجام دیے۔ اجلاس میں جمعیة علماءکے مقامی عہدیداران اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے یکساں سول کوڈ کوخلاف آئین قرار دیا۔اجلاس میں جمعیة علماءبڈھانہ کے عہدیداروں نے عوام سے (لا کمیشن آف انڈیا) کو یو سی سی پر اپنے اعتراضات بھیجنے کی اپیل کی۔ شہر صدر حافظ شیردین نے کہا کہ ہمارے ملک کا آئین سیکولر ہے، جو تمام مذاہب کو اپنے اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں اتحاد کی جھلک ہر طرف نظر آتی ہے، تمام مذاہب یہاں ہزاروں سالوں سے آباد ہیں۔ کہا کہ جمعیة علماءہند ایک طویل عرصے سے یکساں سول کوڈ کی مخالفت کررہی ہے، یہ دین میں سراسر مداخلت ہے جسے قبول نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان شریعت پر یقین رکھتا ہے جس میں کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں کی جاسکتی۔ اجلاس میں موجود تمام عہدیداروں نے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی طرف سے لاءکمیشن کو بھیجی گئی تمام تجاویز اور اعتراضات کی تائید کی۔ مہمان خصوصی رہے ضلع سکریٹری اور ضلع میڈیا انچارج محمد آصف قریشی نے کہا کہ مذہب کی پیروی کرنے والے شہریوں کے لیے یہ قابل قبول نہیں ہے ،اس سے مذہبی آزادی کو ٹھیس پہنچتی ہے جو قابل قبول نہیں۔ حافظ تحسین نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مذمتی تجویز پیش کی۔ اجلاس میں مفتی یامین حافظ اللہ مہر اور قاری عبدالقادر فلاحی مفتی گلفام وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مفتی گلفام قاسمی، حافظ اللہ مہر، قاری عبدالقادر، اسلام سیفی روض الدین انصاری، راشد منصوری، قاری عبدالرحمٰن، شاہد قریشی، عارف طفیل، حافظ کامل صدیقی، مفتی گلفام، حافظ عبدالغفار، انیس عیسٰی، حافظ انصاری نے بھی خطاب کیا۔ نواب، انور ملک، حاجی انتظار، زاہد حسن، قاری ندیم، ماسٹر عمر محمد، ساجد قریشی وغیرہ موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر