Latest News

سماج میں مثبت تبدیلی کے لیے اعلیٰ اور معیاری تعلیم ضروری، پبلک گرلز انٹر کالج میں منعقد اعزازی تقریب میں دانشوران کا خطاب، طالبات کو انعامات سے نوازا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
تعلیم نسواں کے مشہور و معروف ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج میںہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ میں ممتاز کامیابی حاصل کرنے والی ٹاپ 10 طالبات کو حسیب صدیقی میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے اعزاز سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ اس دوران پبلک نرسری اینڈ جونیئر ہائی سکول میں 50 سال سے تعلیمی خدمات انجام دینے والی ٹیچر نصرت بانو کو شال پہنا کر اور مومنٹو پیش کر کے انہیں وداعی دی گئی اور ان کی تعلیمی خدمات کی ستائش کی گئی۔ حسیب صدیقی میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام محمود ہال میں منعقد کالج پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت پاک سے ہوا۔ جس میں مہمان خصوصی کے طورپربلاک ایجوکیشن آفیسر سنجے ڈبرال اورعیدگاہ کے سکریٹری محمدانس صدیقی نے شرکت کی۔ 
اس موقع پر کالج کے منیجر سہیل صدیقی نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادارہ کے بانی مرحوم مولانا حسیب صدیقی ؒ نے طالبات کی اعلیٰ تعلیم کا جوخواب دیکھا تھا آج وہ پوراہو رہا ہے۔ انہوں نے انعام حاصل کرنے والی تمام طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے ریٹائر ہونے والی ٹیچر نصرت بانو کی خدمات کا تذکرہ کیا اور ان کا شکریہ اداکیا۔ممتاز شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے مولانا حسیب صدیقی مرحومؒ کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ حسیب صدیقیؒ نے تعلیمی میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں،آج دیوبند میں قائم متعدد ادارے ان کی خدمات اورمحنتوں کو بیان کررہے ہیں۔انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے اعلیٰ اور معیاری تعلیم ضروری ہے۔ انہوں نے تمام طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بلاک ایجوکیشن آفیسر سنجے ڈبرال نے تعلیم کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے ہر بچے کو تعلیم یافتہ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام ایوارڈ یافتہ طالبات کو مبارکباد دی اوردیگر طالبات کو محنت و لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی نصیحت کی۔اس موقع پر اسکول کی ہیڈ مسٹریس صبا حسیب صدیقی نے ریٹائرڈ ٹیچر نصرت بانو کی گزشتہ 50 سال سے ا سکول میں دی گئی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ادارے کو اپنے خون پسینے سے سینچاہے، ادارہ ہمیشہ ان کا شکر گزار رہے گا، انہوں نے کہا کہ استاذ کبھی ریٹائر نہیں ہوتا وہ ہمیشہ معاشرے اور نئی نسلوں کی بہتری کے لیے کام کرتا ہے۔ انہوں نے تمام انعام یافتہ طالبات کو بھی مبارکباد دی ۔ صفیہ گوہر نے تمام طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور سبکدوش ہونے والے ٹیچر نصرت بانو کا شکریہ ادا کیا۔ ریٹائر ہونے والی ٹیچر نصرت بانو نے کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کیااور ادارے میں گزاری اپنی نصف صدی کے سفر کی یادیں تازہ کیں۔
اس موقع پر ہائی سکول میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی نوحہ خلدہ دختر افضال حسین، انٹرمیڈیٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی یمنہ پروین ولد محمد عارف اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی مہوش دختر مجاہد کو حسیب صدیقی میموریل کی جانب سے دو ہزار روپیہ کی نقد انعام اور ٹرافی و سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ اس کے علاوہ علینہ رانی، عرشی، عزیزہ جمال، افشاں، عصمت جہاں، ہانیہ، ولیہ کو بھی سوسائٹی کی طرف سے ایک ہزار روپے کا نقد انعام و سرٹیفکیٹ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس سے قبل تمام مہمانوں کاپھول مالاوں سے استقبال کیا گیا، آخر میں صبا حسیب صدیقی نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی صدارت معروف شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کی اور نظامت ٹیچر محترمہ سنبل نے کی۔
اس موقع پرشبانہ سمیع، رابن متل، شائستہ عمیس، سید علی اصغر، شمیم کرتپوری، عدل صدیقی، فیضی صدیقی، شبانہ ذکی، ساجدہ، روبینہ شہزاد، منتشیٰ، شاکرہ پروین، زینب، شاہین، محمد غزالی، خزیمہ سمیت جملہ اسٹاف موجود رہا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر