جمعیة علماءہند کی قانونی امدادی کمیٹی کے سکریٹری الحاج گلزار احمد اعظمی کا آج ممبئی کے ایک اسپتال میں علالت کے باعث انتقال ہوگیا، ان کے انتقال کی خبر سے علمی، ملی اور سماجی حلقوں کی فضاءمغموم ہوگئی، مرحوم کے انتقال پر نامور علماءکرام نے گہرے رنج و الم کااظہارکرتے ہوئے ان کے انتقال کو ملت اسلامیہ ہند کے لئے عظیم خسارہ قرار دیا۔
گلزار اعظمی کے انتقال پر نامور عالم دین اور مسلم پرسنل لاءبورڈ کے رکن مولانا ندیم الواجدی نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم الحاج گلزار احمد اعظمی ، چھ دہائیوں سے جمعیة علماءہند سے وابستہ تھے اورسماجی کاموں کے لیے بے شمار خدمات پیش کررہے تھے،مرحوم جمعیة علماءمہاراشٹر کی قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے بہت سے غریب لوگوں کے کیس لڑ چکے ہیں۔ ان کے تعاون کے سبب ایسے لوگوں کی رہائی ممکن ہوئی جو برسوں سے جیل میں بند تھے۔ان کا انتقال ملت کا عظیم خسارہ ہے،اللہ تعالیٰ مرحوم کی جملہ خدمات کوشرف قبولیت سے سرفراز فرمائے اور مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے۔
ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے مرحوم گلزار اعظمی کے انتقال پر گہرے رنج و الم کااظہار کیا اور کہاکہ گلزار اعظمی رحمہ اللہ جمعیت علماءاور ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ تھے،جوانی کے زمانہ سے جمعیت کے سرگرم کارکن، جماعت سے والہانہ عشق اور ملت کی خدمت کا جنون رکھنے والی شخصیت کے مالک تھے۔ملکی سطح پر وہ مظلوموں کی آواز بنے، قانونی گلیاروں سے بڑی آشنائی، بڑے بڑے فیصلوں پر روک لگانے اور انہیں پلٹانے کے غیر معمولی حکمت عملی سے انہوں نے ممتاز حیثیت حاصل کی تھیں۔دہشت گردی کے جھوٹے معاملوں میں پھنسائے گئے نوجوانوں کی رہائی کے لئے انہوں نے طویل لڑائیاں لڑیں۔ اس کے لئے انہیں دھمکیاں بھی ملی تھیں۔ وہ مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کے رکن بھی رہ چکے تھے۔ یقینا مرحوم کاانتقال ملت اسلامیہ ہند بالخصوص جمعیة علماءہند کے لئے عظیم خسارہ ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اورپسماندگان کوصبر جمیل عطافرمائے اور ملت کو ان کا نعم البدل عطاکرے۔
یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے کہاکہ الحاج گلزار احمد اعظمی کا انتقال ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہے۔ اعظمی صاحب کی ملی خدمات سے گاہے بگاہے واقفیت ہوتی رہتی تھی بالخصوص جیلوں میں بند' بے گناہ معصوم قیدیوں کی رہائی کے لئے مرحوم نے جو کوششیں کیں وہ تاریخ ملت اسلامیہ ہند کی ناقابل فراموش خدمات کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اور ان شاءاللہ یہ مرحوم کے لئے صدقہ جاریہ کا باعث ہوں گی۔ مرحوم کے انتقال کی خبر سے بہت زیادہ افسوس ہوا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی خدمات کو قبول فرمائے۔ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام 'جملہ پسماندگان کو صبر جمیل اور ملت اسلامیہ کو ان کا نعم البدل عطافرمائے آمین۔
آل انڈیا ملی کونسل کے دینی تعلیم بورڈ کے سکریٹری مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے کہاکہ گلزار احمد اعظمی کا انتقال ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم انتہائی جری اور بہادر انسان تھے،ایسے سخت حالات انہوں نے جمعیت کے توسط سے دہشت گردی کے الزام میں پکڑے گئے لوگوں کے لئے قانونی لڑائی کی جوکھم بھری ذمہ داری آخری سانس تک نبھائی ہے وہ بے مثال ہے ،ان کو انڈر ورلڈ سے دھمکیاں ملیں مگر ان کے پائے استقامت میں لرزش نہ آئی وہ ڈٹے رہے، ان کاا نتقال ملت کا بڑا نقصان ہے ،بے لوث لوگ اٹھتے جارہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریق رحمت کرے اور ان کی خدمات کو قبول فرمائے آمین۔
علاوہ ازیں کل ہند رابطہ مساجد کے قومی سکریٹری مولانا عبداللہ ابن القمر الحسینی، جمعیة علماءدیوبند کے سکریٹری مفتی خادم الاسلام قاسمی، نائب صدر مولانا مسرور قاسمی وغیرہ نے بھی گہرے افسوس کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے انتقال کو عظیم ملی و جماعتی خسارہ قرا ردیا۔
0 Comments