Latest News

ہندوستان نے رقم کی تاریخ، چندریان-۳ کا وکرم لینڈر کامیابی کے ساتھ چاند کے جنوبی قطب پر اتر گیا, وزیر اعظم نریندر مودی نے بے مثال لمحہ قرار دیا۔

نئی دہلی: چندریان-3 کا وکرم لینڈر آج تقریباً 6 بجے شام کامیابی کے ساتھ چاند کے جنوبی قطب پر اتر گیا، اسرو کی کی اہم ترین کامیابی ہے۔ سب کی نظر یں چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ پر ٹکی ہوئی تھیں۔ پورے ہندوستان میں اس کی لینڈنگ کو لے کر لوگوں میں جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا تھا۔ عام سے لے کر خاص تک سبھی چندریان 3 کی لینڈنگ کا انتظار کر رہے تھے۔

تاریخ رقم کرتے ہوئے چندریان-3 چاند کے جنوبی قطبی علاقے پر کامیابی کے ساتھ اترا ہے۔ اسرو نے کہا کہ چندریان 3 کے وکرم لینڈر نے کامیابی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ کی ہے۔ اسرو کی اس تاریخی کامیابی کے بعد وزیر اعظم مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ بے مثال ہے۔اس سے پہلے بنگلورو میں واقع اسرو کے مشن کنٹرول کمپلیکس سے پاور ڈیسنٹ کمانڈ دیدی گئی تھی۔ اب چار مراحل میں چندریان اپنی رفتار کو کم کرنا شروع کر دے گا اور پھر چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ کی کوشش کرے گا۔اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لیے اسرو کے سابق سربراہ کے شیون بھی بنگلورو میں واقع مشن کنٹرول کمپلیکس میں موجود تھے۔
ہندوستان کی اس کامیابی پر کانگریس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ “چاند کی سطح پر چندریان-3 کے کامیابی کے ساتھ اترنے پر اِسرو سمیت سبھی ملکی باشندوں کو مبارکباد۔ مستقبل میں خلائی تحقیق کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ہی پنڈت نہرو نے اِسرو کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ ان کی دور اندیشی کا ہی نتیجہ ہے کہ ہندوستان آج پوری دنیا میں خلائی تحقیق کے شعبہ میں نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔
اسپیس ایجنسی کے مطابق چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا جو لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہا اور 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوا۔ وکرم نامی لینڈر 17 اگست کو پروپلشن موڈیول سے کامیابی سے الگ ہوا تھا جس کے بعد آج یہ مشن چاند پر کامیابی سے اتر گیا ہے۔

مشن کی کامیابی کے بعد بھارت چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک جب کہ چاند پر پہنچنے والا دوسرا ایشیائی ملک ہے۔
اس سے قبل امریکا، روس اور چین چاند کے خط استوا کے قریب سافٹ لینڈنگ کر چکے ہیں۔۔یہ بھارت کی جانب سے چاند پر اترنے کی 4 برسوں کے دوران دوسری کوشش ہے، اس سے قبل 2019 میں چندریان 2 مشن ناکام ہوگیا تھا۔
میڈیا کے مطابق جہاں چندریان 3 اترا وہ قطب جنوبی کا دوردراز خطہ ہے، مستقل طور پر سائے میں رہنے کی وجہ سے اسے 'چاند کا اندھیرے والا حصہ' بھی کہا جاتا ہے اور غالب امکان ہے کہ چاند کا جو حصہ سائے میں ہے وہاں پانی کی موجودگی کے آثار ملیں۔

چاندکے قطب جنوبی کی اہمیت کیوں ہے؟
سائنسدانوں کا خیال ہےکہ چاندکے قطب جنوبی میں کافی مقدار میں برف موجود ہے۔
چاند پر برف یعنی پانی کی موجودگی کا مطلب یہ ہے کہ مستقبل میں انسان اسے استعمال کر سکتا ہے، یہ برف نہ صرف پینےکے پانی میں تبدیل کی جاسکتی ہے بلکہ اس سے آکسیجن اور ہائیڈروجن حاصل کی جاسکتی ہے جس سے وہاں زندہ رہنے اور راکٹ یا خلائی جہاز کے لیے فیول حاصل کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر