Latest News

ہزاری باغ میں ٹماٹروں سے بھری پک اپ وین پلٹی، لوگوں نے کی لوٹ مچائی، لاکھوں روپے کی مالیت کے ٹماٹر ٹوکریوں میں بھر کر لے بھاگے۔

 مظفر نگر:عزیز الرحمن خاں۔
ٹماٹر کی قیمت ان دنوں آسمان چھو رہی ہے۔ اس وقت کئی ریاستوں میں ٹماٹر کی قیمت 250 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے اس دوران جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں ٹماٹروں سے لدی ایک پک اپ وین الٹ گئی۔ پک اپ وین الٹتے ہی لوگوں میں ٹماٹر لوٹنے کا مقابلہ شروع ہوگیا۔
صبح تقریباً 5 بجے ہزاری باغ کی وادی چرہی میں ٹماٹروں سے لدی ایک پک اپ وین بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹماٹروں کو لوٹنے کے لیے وہاں بھیڑ لگ گئی۔ لوگ اپنی اپنی ٹوکریاں لے کر وہاں پہنچے اور ٹماٹر لوٹ کر لے گئے۔
ڈرائیور اور چوکیدار نے لٹیروں کو ایسا کرنے سے منع کیا تاہم، کسی نے ان کی بات نہیں سنی اور جو جتنے ٹماٹر اٹھا سکتا اٹھا کر لے گیا جس کی وجہ سے کچھ دیر تک ٹریفک میں خلل پڑا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر پک اپ وین کو سڑک سے ہٹایا، تبھی ٹریفک معمول پر آیا ڈرائیور کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے مالیت کے ٹماٹر لوگ لوٹ کر لے گئے ہیں
 واضح ہوکہ ٹماٹروں کے حوالے سے ایسی خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں حال ہی میں 21 لاکھ روپے کے ٹماٹروں سے لدا ایک ٹرک جو کرناٹک کے کولار سے راجستھان آیا تھا، پراسرار طور پر چوری ہو گیا۔ کولار کے تاجروں نے اس سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔
 اس سے قبل تمل ناڈو میں ایک جوڑے کو حادثے کا بہانہ بنا کر ڈھائی ٹن ٹماٹروں سے بھرے ٹرک کو ہائی جیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر