ڈی آئی جی سہارنپور رینج اجے کمار ساہنی نے کہا کہ پولیس کی طرح ہی صحافیوں کی بھی سماج کے تئیں ذمہ داری ہے، انہوں نے صحافیوں سے پولیس کے اچھے کامو ںکی تعریف کے ساتھ ہی کمیاں بھی سامنے لانے کی اپیل کی۔ سہارنپور رینج کے ڈی آئی جی اجے کمار ساہنی آج دہرہ دون روڈ پر واقع سٹی کنونشن سینٹر میں ضلع پریس کلب کی گاگلہیڑی ونگ کے ذریعہ منعقدہ صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ پروگرام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ انہو ںنے کہا کہ صحافیوں سے ملک اور سماج کے تئیں اپنی ذمہ داری کو ادا کرتے رہنا چاہئے کیوں کہ صحافیوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ صحافتی ذمہ داریوں کے دوران کئی ایسے مقامات آتے ہیں جہاں سچ لکھنا یا بولنا خطرہ سے خالی نہیں ہوتا اور یہی صحافی پیشہ کی شان اور عظمت ہے۔ انہو ںنے کہا کہ سچا صحافی وہی ہوتا ہے جو ایمانداری سے اپنے پیشہ کے تئیں ایماندار رہتا ہے۔ ضلع پریس کلب کے سرپرست جاوید صابری نے کہا کہ صحافی اپنے پیشے سے ہمیشہ ایماندار رہے اور اپنی تحریروں کے ذریعہ سے اپنی شناخت قائم کریں ۔صحافت ایک ایسا میدان ہے جہاںذمہ داری اور بے باکی ضروری ہے۔ ا س لئے ہم صحافیوں کو چاہئے کہ وہ بے باکی سے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتے رہیں ۔ پریس کلب کے ضلع صدر سریندر چوہان نے کہا کہ کلب کا مقصد صحافیوں کے سامنے آرہی مشکلوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پریس کی آزادی کو قائم رکھنا ہے اور صحافیوں کو متحد بھی رکھنا ہے تاکہ ان کے سامنے آنے والی پریشانیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکے۔ پروگرام میں سرپرست جاوید صابری ، ضلع صدر سریندر چوہان ، کنوینر ابوبکر شبلی،ضلع جنرل سکریٹری سدھیر سہل، ڈاکٹر شاہد زبیری، اروند ٹیبک ، اروند گپتا، کمار یوگیش، ضلع سکریٹری راﺅ شمیم، درگیش شرما، جسبیر سنگھ یادو، جاوید رانا وغیرہ نے ڈی آئی جی اجے کمار ساہنی، ایس پی سٹی ابھیمنیو مانگلک ، سی او صدر ابھیتیش سنگھ، معروف ڈاکٹر رجنیش دہوجا، ڈاکٹر کرن سنگھ سینی، سماجی کارکن روہت سینی کو اعزاز سے نوازا گیا اور ساتھ ہی پروگرام میں گاگلہڑی ونگ کی جانب سے وہاں پر موجود سبھی صحافیوں کو بھی اعزاز دیا گیا۔اس دوران شرون شرما، دھیرج چودھری، رمن گپتا، منوج سنگھل، رضوان سلمانی، معین صدیقی، آباد علی، نوشاد عثمانی، منصب علی پرویزسمیت کثیر تعداد میں ضلع بھر کے صحافی موجود رہے۔ آخر میں کنوینر ابوبکر شبلی نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
0 Comments