نئی دہلی: اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے معاملے پر مودی نے لوک سبھا میں 2 گھنٹے 13 منٹ طویل تقریر کی ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق لوک سبھامیں حکومتی اتحاد کی 331 اور اپوزیشن اتحاد کی 144 نشستیں ہیں، لوک سبھامیں حکومت کےخلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کے موقع پر جب وزیراعظم نریندر مودی نے خطاب شروع کیا تو اپوزیشن ارکان نے واک آؤٹ کردیا اور ایوان سے باہر نکل گئے۔
اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے معاملے پر مودی نے لوک سبھا میں 2 گھنٹے 13 منٹ طویل تقریر کی۔
اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد پر زبانی ووٹنگ کی جس کے بعد اسے مسترد کردیا گیا۔
لوک سبھا میں بھارتی وزیراعظم مودی نے منی پور فسادات پربیان دیا اور کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ملزمان کو سخت ترین سزا دلانے کی کوشش کر رہی ہیں، یقین دلاتا ہوں آنے والے وقت میں منی پور میں امن بحال ہو جائے گا، منی پور کی خواتین اور بیٹیوں کو بتانا چاہتاہوں کہ ملک آپ کے ساتھ ہے۔ لوک سبھا میں تین روز کی بحث کے بعد حکومتی اتحاد نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بآسانی شکست دے دی۔
اپوزیشن اتحاد انڈیا نے منی پور واقعے کو بنیاد بناکر حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد 26 جولائی کو پیش کی تھی، بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنے 9 سالہ دور اقتدارمیں دوسری بار تحریک عدم اعتماد کا سامنا کیا۔
مودی کے خلاف پہلی تحریک عدم اعتماد 2018 میں پیش کی گئی تھی۔ وہ بھی ناکام ہوئی تھی۔
0 Comments