Latest News

جمعیۃ علماء کانپور کے تحت نکلنے والا ایشیاء کا سب سے بڑا جلوس محمدی امسال بھی تاریخ رقم کرنے کو تیار۔جلوس کی تیاریاں جنگی پیمانے پر جاری: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی۔

کانپور: ۱۲ ربیع الاول کو حضور رحمۃ اللعالمین، خاتم النبیین، حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیرِ قیادت نکلنے والا شہر کا سب سے قدیمی، تاریخی و مرکزی جلوسِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم امسال 27 /یا 28/ ستمبر کو پوری شان وشوکت کے ساتھ نکالا جائے گا۔ جلوس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی اور شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے نو رکنی کمیٹی تشکیل کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کو حسب سابق تاریخ ساز بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے کہا کہ جمعیۃ علماء کی پوری ٹیم جلوس کی تیاریوں میں رات و دن لگی ہوئی ہے، ہماری کوشش ہے کہ حسبِ سابق امسال بھی جلوس کو تاریخ ساز بنایا جائے۔ انہوں نے بتلایا کہ جلوس کی کاغذی کارروائیاں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ جلوس کو منظم رکھنے کیلئے 200 نوجوانوں پر مشتمل تربیت یافتہ ٹیم تیار کی جارہی ہے۔ جلد ہی جلوس کے راستوں کا پہلا سروے مکمل کرلیا جائے گا۔
سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے بتلایا کہ جلوس کے راستوں کی صفائی، بجلی، پانی کے ساتھ ساتھ جہاں راستے خراب ہیں ان کو درست کرانے، پریڈ گراؤنڈ جہاں سے جلوس اٹھے گا اور پھول باغ جہاں جلوس مکمل ہوگا اس کی صفائی نیز نماز کے انتظامات سے متعلق متعلقہ وارڈوں کے پارشد حضرات کی میٹنگ 10 ستمبر کو بلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

نائب صدور مولانا محمد اکرم جامعی و مولانا نورالدین احمد قاسمی نے بتلایا کہ اس جلوس کو ایشیاء کا سب سے بڑا جلوس ہونے کا اعزاز حاصل ہے، گزشتہ 110 برسوں سے یہ جلوس نکل رہا ہے جبکہ آزادئی وطن کے بعد سے شہری جمعیۃ علماء اس کی قیادت کرتی چلی آرہی ہے اور اتنا بڑے جلوس کا نظم و نسق جمعیۃ علماء کے تحت انجام پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلوس رحمت والے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب ہے، اس میں مسلمانوں کے ساتھ دیگر مذاہب کے لوگ بھی بلا تفریق حصہ لیتے ہیں، ہر طرح کی تیاریوں میں ساتھ دیتے ہیں، اس میں ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کا بھی واضح نمونہ دیکھنے کو نظر آتا ہے جو اس جلوس کی رونق کو دوبالا کردیتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر