Latest News

پی ایم کا جی-۲۰ چوٹی اجلاس کے اختتام کا اعلان، برازیل کو صدارت سونپی۔مشترکہ اعلامیہ میں مذہبی منافرت کی شدید مذمت

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو نئی دہلی جی-20 سربراہی اجلاس کے اختتام کا اعلان کر دیا اور صدارت برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کو سونپ دی۔ برازیل اگلے ایک سال تک جی-20 کی سربراہی کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نے امید ظاہر کی کہ برازیل کی صدارت میں جی-20 گروپ مشترکہ ایجنڈے کو مزید آگے بڑھائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے برازیل کے صدر کو بھی مبارکباد پیش کی۔
جی-20 سربراہی اجلاس کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’جیسا کہ آپ سب کو علم ہے کہ نومبر 2023 تک جی-20 کی صدارت سنبھالنے کی ذمہ داری ہندوستان کے پاس ہے۔ ان دو دنوں میں آپ سب نے بہت ساری تجاویز اور قراردادیں پیش کیں۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ایک مرتبہ پھر سے ان تجاویز کا جائزہ لیا جائے تاکہ یہ طے ہو سکے کہ ان کی پیشرفت کو کس طرح تیز کیا جا سکتا ہے۔ میں تجویز کرتا ہوں کہ ہم نومبر کے آخر میں جی-20 کا ایک ورچوئل اجلاس منعقد کریں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہم ورچوئل اجلاس کے دوران اس سربراہی اجلاس میں طے شدہ موضوعات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ سبھی ورچوئل سیشن میں شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ میں جی-20 سربراہی اجلاس کے اختتام پذیر ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔
ادھر، جی 20 سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں مذہبی منافرت کی شدید مذمت کردی گئی ہے۔ دہلی میں منعقد جی 20 سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذہبی عقائد، اظہار رائے کی آزادی اور پر امن اجتماعات کے حق پر زور دیتے ہوئے ہر قسم کی عدم برداشت، مذہبی عقائد کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی مخالفت کرتے ہیں۔

اعلامیہ میں لوگوں کے خلاف مذہبی منافرت کی کارروائیوں اور مقدس کتابوں اور علامات کے خلاف نفرت انگیز کارروائیوں کی بھی سخت مذمت کی گئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر