Latest News

عرس میں شرکت کے لئے کلیئر شریف پہنچے پاکستانی زائرین کا پُر زور استقبال، درگاہیں ہمیشہ امن و سلامتی اور آپس میں پیار و محبت سے رہنے کا پیغام دیتی ہیں : پاکستانی ہائی کمشنر اعجاز خان۔

روڑ کی/دیوبند:سمیر چودھری/عزیز الرحمن خان۔
شمالی ہندوستان کے معروف صوفی بزرگ حضرت مخدوم سید علاﺅ الدین علی احمد صابر کلیری ؒ کا 775واں سالانہ عرس کلیر شریف میں شروع ہو چکا ہے۔ اس عظیم الشان عرس میں شرکت کے لیے جہاں ملک بھر سے عقیدت مند اور زائرین حاضری کے لیے آتے ہیں وہیں پڑوسی ملک پاکستان سے بھی ہر سال زائرین کا ایک وفد عرس میں شرکت کے لیے آتا ہے۔ گذشتہ شب 107پاکستانی زائرین کا ایک ڈیلیگیشن روڑکی بذریعہ ٹرین پہنچا ، جہاں پر پہلے سے ہی موجود اعلی افسران اور پولیس افسران نے اپنی چاق و چوبند نگرانی میں زائرین کے وفد کو کلیر شریف بذریعہ بس پہنچایا ۔ پاکستانی زائرین کے وفد کے لیڈر احسان اللہ چاند ، ڈپنی لیڈر جمشید صابری، لائزن آفیسر محمد عثمان اور شفقت جلبانی کا تمام زائرین کے ساتھ کلیر کے عرس کی استقبالیہ کمیٹی کے صدر اور عالمی شہرت یافتہ شاعر و اتراکھنڈ اردو اکیڈمی کے سابق نائب چیئرمین پروفیسر افضل منگلوری نے کمیٹی کے دیگر ممبران کے ساتھ پھولوں کا گلدستہ ، شال اور مومینٹو پیش کر کے خیر مقدم کیا۔ روڑکی کے جوائنٹ مجسٹریٹ ابھینو شاہ ، اتراکھنڈ وقف بورڈ کے سی ای او سید عثمان شیراز اور وہاں پرموجود اعلی افسران نے بھی پاکستانی زائرین کاخیر مقدم کیا۔ شام کے وقت دہلی میں مقیم پاکستانی سفارت خانہ کے ہائی کمشنر اعجاز خان نے پاکستانی زائرین کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ہمراہ درگاہ شریف میں حاضر ہو کر چادر پوشی کی۔ استقبالیہ کمیٹی کے صدر پروفیسر افضل منگلوری نے پاکستان کے ہائی کمشنر اعجاز خان کا پھولوں کا گلدستہ اور شال پیش کر کے استقبال کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ کمیٹی کے دیگر اراکین نعیم صدیقی اور سلمان فریدی وغیرہ بھی موجود رہے۔ اس موقع پر افضل منگلوری نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ گذشتہ 40برسوں سے عرس میں شرکت کی غرص سے آنے والے تمام زائرین بالخصوص پاکستانی زائرین کی خدمت اور درگاہ شریف کی طرف سے منعقد کئے جانے والے آل انڈیا نعتیہ مشاعرہ اور محفل قرا ¿ت کی خدمت ان کے سپردہے جو ان کے لیے سعادت کی بات ہے۔ درگاہ صابر پاک پر چادر پوشی کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن و سلامتی کا ہونا اسی طرح ضروری ہے جس طرح پانی اور ہوا کا ہونا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درگاہیں ہمیشہ محبت کا پیغام دیتی ہیں اور دونوں ملکوں کو آپس میں جوڑے رکھنے کا بھی پیغام دیتی ہیں۔ بعد ازاں پاکستانی ہائی کمیشن سے تشریف لانے والے ذوالفقار علی اور شفقت جلبانی نے بھی درگاہ میں حاضری دے کر امن و سلامتی کی دعائیں مانگی۔ چادر پوشی کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر اعجاز خان نے درگاہ کے سجادہ نشین سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے وقت شاہ خالق میاں، راجو فریدی، مخدوم قدسی اور عدیل لطیفی وغیرہ بھی موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر