Latest News

نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہفتہ میں صرف ۲۹ گھنٹے تعلیم دی جائے گی، تعلیمی سیشن میں دس دن طالب علموں کو اسکولی بیگ کے بغیر کلاسز میں آنا ہوگا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت اب تمام تعلیمی اداروں میں ہر ہفتہ مجموعی طور پر 29گھنٹے تعلیم دی جائے گی۔ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت اب پیر سے جمعہ تک یومیہ کم از کم پانچ گھنٹہ اور زیادہ سے زیادہ ساڑھے پانچ گھنٹہ تعلیم ہوگی۔ اس کے علاو ہ ہر مہینہ دو سنیچر کو دو یا ڈھائی گھنٹے تعلیمی سلسلہ چلایا جائے گا جب کہ ہر ماہ کے دو سنیچر میں تعطیل رہے گی۔ اسی طرح عام مضامین کی کلاسز کاوقت 45 منٹ سے کم کر کے 35 منٹ کیا جائے گا، جب کہ مخصوص مضامین کی کلاسز کا وقت 50منٹ تک کیا جائے گا۔ واضح ہو کہ صوبائی حکومت نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کو صد فیصد نافذ کرنے کے مقصد سے محکمہ تعلیم کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی درسیات کے اسکولی خاکہ کی اسکیم تیار کی جائے۔ نئی قومی تعلیمی پالیسی کے نئے شرائط و ضوابط نافذ ہونے کے بعد کلاسز کا وقت اور مدت 35منٹ ہو جائے گا، صرف مخصوص مضامین مثلاً ریاضی، ہندی ، انگریزی اور سائنس وغیرہ مضامین سے متعلق کلاسز کا وقت 40سے 50منٹ مقرر کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت اسکولوں و کالجوں میں ہر ہفتہ مجموعی طور سے کل29 گھنٹے کلاسز لگائے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔وہیں دوسری جانب نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت اب ہر تعلیمی سیشن کے دوران طلبہ و طالبات اپنے اسکولی بیگ کے بغیر دس دن اسکول آئیں گے۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ طالب علموں کو پڑھائی کے بوجھ سے راحت دینے کی غرض سے تعلیمی سیشن کے دس الگ الگ دنوں میں طالب علموں کو مجموعی طور سے اسکولی بیگ کے بغیر تعلیمی اداروںمیں آنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یہ بتایا گیا ہے کہ ان دس دنوں میں طالب علموں کو زبانی طور سے اور پریکٹیکل کی مدد سے تعلیم دی جائے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر