Latest News

نسل نو کو ارتداد سے بچانے کے لئے نوجوان علماءکو خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا: مولانا سہیل اختر رحیمی، ختم کوئز مراحل کے بعد انعامات تقسیم کے لئے پروگرام منعقد۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
مرکز تحفظ دین ختمِ نبوت میڈیا کے ڈائرکٹر قاری ضیاءالرحمن فاروقی کی سرپرستی میں ملک بھر چل رہے ختمِ نبوت کوئز کا سلسلہ صوبہ اتراکھنڈ کے جلالپور روڑکی کے جامعہ تہذیب الاسلام میں ختمِ کوئز مراحل کے بعد تقسیم انعامات پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت قاری محمد عارف قاسمی نے اور نظامت کے فرائض نو منتخب صدر مفتی محمد شوقین مظاہری نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد آصف پورقاضی کی تلاوت اور قاری محمد حذیفہ صاحب قاسمی کی نعت پاک سے ہوا۔پروگرام میں تحفظ دین ختمِ نبوت میڈیا برانچ اتراکھنڈ کے نو منتخب جملہ اراکین نے شرکت کی، پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سہیل اختر رحیمی نے کہا کہ نسل نو کو ارتداد سے بچانا ہے تو نوجوان علماءکو خواب غفلت سے بیدار ہونا پڑے گا۔ اس پر فتن دور میں سب سے زیادہ ضروری اور اہم کام ہے اپنی قوم کے عقائد کا تحفظ اور ایمان کی سلامتی اس کام کو کیسے یقینی بنایا جائے اس پر سنجیدگی کے ساتھ سر جوڑ کر نوجوان علماءکو اکابرین کی سرپرستی میں تیار شدہ منظم جماعت تحفظ دین ختمِ نبوت میڈیا کے بینر تلے آکر قوم و ملت کی اس عظیم خدمت کو بالخصوص تحفظ ختم نبوت کے عظیم مشن کو انجام دینے کی سخت ترین ضرورت ہے۔ اس موقع پر قاری محمد عارف قاسمی نے کہا کہ ہم اگر وقت رہتے عقائد کے سلسلے میں بیدار نہ ہوسکے تو یاد رکھیں ہمارے آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی نیز پروگرام میں شریک جامعہ تہذیب الاسلام کے طلباءوطالبات کو ایمان و عقائد پر پختگی سے جمے رہنے کی تلقین کی۔ مفتی محمد شوقین مظاہری نے صوبہ اتراکھنڈ کے نمائندہ علماءکرام، اہل مدارس و ائمہ مساجد سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ تحفظ ختم نبوت کے مشن کو جاری رکھنے کے لئے آپ حضرات برسرمیدان آکر سرپرستی و رہنمائی فرمائیں نیز خاص طور پر نوجوان علماءسے گزارش ہے کہ اس وقت میدان عمل میں اتر کر قوم کے ایمان و عقائد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہمارے رفقاءکا تعاون فرمائیں۔ ادارے کے ناظم قاری محمد ثاقب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، پروگرام کو قاری محمد شہزاد مفتی شاہرالدین نے بھی خطاب کیا۔
اخیر میں تحفظ ختم نبوت کوئز میں شرکت کرنے والی کامیاب طالبات کو خصوصی انعامات و جملہ طالبات کو اسناد تحفظ ختم نبوت سے نوازا گیا۔مفتی محمد سرفراز کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام میں مولانا رضوان الحق بڈھانہ مظفرنگر، قاری اعظم حیات مولانا عبد الرحمن ،قاری محمد معروف وغیرہ شریک رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر