Latest News

ہزاروں غمگین آنکھوں کے ساتھ عظیم ملی اور سماجی شخصیت حضرت مولانا ظہور احمد قاسمی سپرد خاک، علاقے کی فضا مغموم، نمازِ جنازہ میں کثیر تعداد علماء اور عوام الناس کی شرکت۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
 جمعیۃ علماء ہند کے ضلع سہارن پور کے صدر اور جامعہ مظاہر علوم وقف سہارن پور کے استاد حدیث اور علاقہ کی بزرگ شخصیت و عظیم قوم خدمتگار مولانا ظہور احمد قاسمی کا علالت کے باعث جمعرات کی صبح فجر کی نماز سے قبل اپنی رہائش گاہ موضع عماد پور متصل (خانقاہ رائے پور) میں انتقال ہو گیا، ان کے انتقال کی خبر سے پورے علاقے بالخصوص علمی حلقوں کی فضا مغموم ہو گئی، وہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے علیل تھے، ان کے افرادخانہ متعلقین اور جمعیتی احباب برابر آپ کی دیکھ ریکھ اور تیمارداری میں لگے ہوۓ تھے لیکن آفتاب دنیا کے طلوع ہونے سے پہلے ہی ہمت وشجاعت اور دینی حمیت وغیرت کا یہ چراغ بھی گل ہوگیا ہے، اناللہ واناالیہ راجعون۔
مولانا مرحوم تقریبا 87 سال کے تھے اور ان کے علمی، فلاحی، سماجی خدمات سے نہ صرف اہل علم بلکہ پورا علاقہ اور عوام کو فیض پہنچ رہا تھا۔ مولانا ظہور احمد حضرت فدائے ملت رحمت اللہ علیہ مولانا سید اسعد مدنی کے خاص معتمدین میں سے تھے اور خانوادہ مدنی سے گہری انسیت و تعلق رکھتے تھے، پوری زندگی جمعیت علمائے ہند کے پلیٹ فارم سے سماجی اور فلاحی و علمی خدمات میں صرف کی،  انتہائی سادہ مزاج مولانا ظہور احمد قاسمی کی شخصیت ہر خاص عام کے لیے نفع بخش تھی، جن سے سبھی نے بھرپور فائدہ اٹھایا، آج ان کے انتقال سے پورا خطہ مغموم ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے انکی نماز جنازہ میں شرکت۔ دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے مدرسہ بستان العلوم عماد پور میں دارالعلوم دیوبند کے استاد مولانا سلمان بجنوری نے نماز جنازہ ادا کرائی۔ نماز جنازہ میں علاقے کی سرکردہ شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں علماء طلباء اور سماجی و سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مولانا ظہور احمد قاسمی بے پناہ ہمت و حوصلے کی شخصیت کے مالک تھے۔ مرحوم  کی خدمات کا سب سے پڑا پلیٹ فارم جمعیت ہوسکتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ سب کیلۓ اور تمام وقت دستیاب رہتے تھے، خصوصاً دین وملت پر پڑنے والی افتاد کا نوٹس لینے میں وہ کسی لیت ولعل کے روادار نہیں تھے۔ 
ہم نے انھیں پیرانہ سالی اور بڑھاپے میں زیادہ دیکھا ہے جب وہ جوانوں اور شاہینوں کی طرح پلٹتے جھپٹتے  اور بہت جلد منزل مقصود کو پانے کا جگررکھتے تھے۔ کمال کا شخص تھا، وہ قائدانہ صفات ومزاج رکھتا تھا مگر آج کی آسائش سےکوئی سروکار نہیں تھا، نہایت سادہ، کفایت شعار اورمختصر سے تام جھام میں رغبت رکھنے والا یہ مرددرویش عجیب ڈھب کا سپہ سالار تھا، مسجد کے منبرومحراب سے لے کر منصب تدریس تک اور سہارن پورکے گاندھی پارک سے لے کر دھلی کے رام لیلا میدان تک سفروحضراور خلوت وجلوت میں ان کی خوب صورت شخصیت کے نمونے بکھرے پڑے ہیں جنھیں اب زیب قرطاس کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ پس آئندگاں ان نقوش قدم پر آگے بڑھ سکیں۔ مولاناظہوراحمد حضرة الاستاذ مفتی سعیداحمد پالن پوری کے درسی ساتھی بھی تھے، آپ کا شمار دارالعلوم کے قدیم فاضل میں ہوتاتھا، دیوبند و سہارن پور اور راۓ پور کے بزرگوں سے ان کی وابستگی بڑی مستحکم اور محبت بھری تھی جبکہ فداۓ ملت حضرت مولاناسیداسعد مدنی سابق صدر جمعیۃ علماء ہند کے تو وہ انتہائی قریب اور معتمد علیہ شخصیت تھے۔
مولانا ذاکروشاغل اور صوم وصلاة کے پابند ایک شب زندہ دار مرد صالح تھے، دوردراز علاقوں کا مشقت بھرا سفر کرلینے کے باوجود وہ شب کے اخیر حصہ میں اپنے پروردگار سے رازونیاز کی باتیں کرنا اس کی  چوکھٹ پہ اپنی جبین نیاز کو خم کردینا ایک لابدی وظیفہ سمجھتے تھے، اب ایسے رجال کار اور باہمت ملی افراد نایاب نہیں تو کم یاب ضرور ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ حضرت مولانا کی بال بال مغفرت فرمائیں حسنات کو مقبول فرمائیں اور پسماندگان کو صبرجمیل موفق فرمائیں آمین۔

مولانا کے نماز جنازہ میں خصوصی طور پر دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی، جامعہ بدر العلوم گڑھی دولت کے مہتمم مولانا محمد عاقل قاسمی، جمیعت علماء ہند کے سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی، رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن، جامعہ رحمت گھگرولی کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی، مفتی اسجد حسینی نگراں دارالقرآن دارالعلوم دیوبند، مولانا توقیر احمد کاندھلوی ناظم شعبہ انگریزی زبان وادب دارالعلوم دیوبند قاری منور اقبال، جمیعت علماء ہند کے ضلع سیکرہٹری سید ذہین احمد، جمیعت علماء ہند کی مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی،جمیعت علماء ہند کی مجلس منتظمہ کے رکن قاری زبیر احمد، صحافی سمیر چودھری، مولانا عارف مظاہری، قاری سرور، ڈاکٹر ریاض احمد، قاضی ندیم اختر، احسان قریشی، مولانا طاہر صاحب، مولانا عبدالرشید، مولانا گلفام، مفتی ذاکر، مولانا باقر، سلیم اختر سمیت ہزاروں کی تعداد میں علماء اور عوام الناس نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر