Latest News

لیبیا میں سمندری طوفان سے بھیانک سیلاب، ۳؍ہزار افراد ہلاک ،۱۰؍ ہزار سے زائد لاپتہ، تین روزہ سوگ کا اعلان، ترکی سے امدادی طیارے روانہ۔

لیبیا کے مشرق میں طوفان کے زیر اثر سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد ہلاک اور لاپتہ ہوگئےہیں ۔ حکومت کی جانب سے ۳؍ روزہ سوگ کا اعلان کیاگیا ہے۔  
 
میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کو لیبیا کے مشرق میں سیلاب کی وجہ سے۳؍ ہزار سے زائدا فراد ہلاک ہوگئے جن میں سے زیادہ تر اموات درنہ شہر میں ہوئی ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے۱۰؍ ہزار افراد لاپتہ ہیں۔
ملک کے مشرق میں حکومت کے صحت کے ذرائع کے مطابق سیلاب کی وجہ سےمرنے والوں کی تعداد۳؍ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور۱۰؍ ہزار افراد لاپتہ ہیں ۔ دوسری جانب حکومت نے مرنے والوں  کی تعداد ۱۵ سو؍ بتائی ہے۔ علاقے میں حکومت کے وزیر داخلہ اعصام ابو زریبہ نے کہا ہے کہ درنہ شہر میں شدید بارش کی وجہ سے ہلاک ہونے والے ایک ہزار ۵؍ سو افراد کی لاشیں مل گئی ہیں اور لاپتہ افراد کی تعداد۷؍ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
 درنہ کی بلدیہ اسمبلی کے رکن `احمد امدر نے فیس بک سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ شہر میں اکثر عمارتیں اور رہائشی مکان پانی میں ڈوب گئے ہیں ۔ سڑکیں اور پُل سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں اور سرکاری و نجی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔لیبیا قومی اتحاد حکومت کے ترجمان محمد حمود نے سیلاب کی وجہ سے منعقدہ ہنگامی کابینہ اجلاس کے بعد سوشل میڈیا پیج سے بیان جاری کیا ہے۔حمود نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جبل الاخضر میں ۴۰۰؍ ملی میٹر بارش برسی ہے۔ بارش کی یہ مقدار گزشتہ۴۰؍ سال میں لیبیا میں ہونے والی بارش کی بلند ترین مقدار ہے۔حمود نے سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے قومی اتحاد حکومت کے وزیر اعظم عبدالحمید دبیبہ کی طرف سے۳؍ روزہ سوگ کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ ملک بھر میں پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔
 بین الاقوامی امداد کی اپیل
وزیر اعظم دبیبہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے بین الاقوامی امداد کی بھی اپیل کی ہے۔ سیلاب نے لیبیا کے شہروں بن غازی، بیضا، مرج اور سوسہ کو بھی متاثر کیا ہے۔
 ترکی کے امدادی طیارے روانہ 
 ادھر ترک امور دفاع نے لیبیا کیلئے امدادی ٹیم کے ساتھ بنیادی اشیائے زندگی سے لدے ۳؍ طیاروں میں سے دو انقرہ سے روانہ کر دیئے ہیں ۔ ترک ادارہ برائے انسداد ہنگامی حالات و آفات کے صدر اوکائے میمش نے بتایا کہ لیبیا کی مدد کیلئے تین مال بردار طیاروں کے ذریعے امدادی ٹیم اور بنیادی اشیائے زندگی روانہ کی جا رہی ہیں ، حکومت ترکی اور ترک عوام برادرملک لیبیا کی جانب مدد کا ہاتھ بڑھا رہی ہے۔
رجب طیب اردگان کا بیان 
قبل ازیں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے لیبیا میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق سوشل میڈیا پر کہا کہ ترکی لیبیائی عوام کے ساتھ ہے جس کیلئے تین امدادی طیارے بن غازی روانہ کئے جا رہے ہیں جن میں ضرورت کی مختلف اشیاء موجود ہیں۔
    

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر