Latest News

حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم عالم انسانیت کی سب سے عظیم شخصیت ہیں، معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں منعقدہ جلسہ سیرت النبی میں شیخ الحدیث کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
  آج تعلیم نسواںکے معروف ادارہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں جلسہ سیرت النبی منعقد ہوا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معہد کے شیخ الحدیث مفتی محمد شاکر قاسمی نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ آج امت مسلمہ اپنے نبی کے عظیم فرمان کو فراموش کرچکی ہے، اسوہ رسول کو اپنی زندگی سے نکال چکی ہے، معاملات اور اخلاقیات کے باب میں تعلیمات نبوی سے بہت دور ہوچکی ہے، اپنی تہذیب وثقافت کو چھوڑ کر غیروں کی ثقافت کو اپنانے لگی ہے، اسی کا نتیجہ یہ ہے کہ آج مسلمان ذلت و رسوائی سے دوچار ہیں، زوال انحطا ط کی شکار ہے، ہر جگہ ذلیل وخوار ہیں۔معہد کے استاذ حدیث مولانا عبدالرحمن قاسمی نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے بے پناہ اہمیت کا حامل ہے یہ ایام اور یہ دن ہمارے لئے یوم احتساب ہے اور اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے کا پیغام دیتا ہے کہ اتباع رسول اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے دعوی کا جائزہ لیں، غوروفکر کریں کہ کیا واقعی ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل پیرا ہیں، تعلیمات نبوی پر عمل کر رہے ہیں، حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے جس راستے پر ہمیں گامزن کیا تھا اس پر برقرار ہیں، امت مسلمہ کو جن چیزوں سے روکا گیا تھا اب بھی ہم اس سے رکے ہوئے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم عالم انسانیت کی سب سے عظیم شخصیت ہیں۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے معہد کے استاذ مولانا عبدالمنعم قاسمی نے کہا کہ عصر حاضر میں سیرت کے پیغام کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے، دنیا کو تعلیمات نبوی سے آگاہ کرنا وقت کا تقاضا ہے، ہندوستان سمیت دنیا بھر میں مختلف موضوعات پر پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن سیرت نبوی کے اوپر اس کا کوئی خاص اہتمام نہیں کیا جاتا ہے، ہندوستان اور ان ممالک میں جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں ایسے پروگرام منعقد کرنے کی بہت ضرورت ہے جہاں غیر مسلموں کو مدعو کیا جائے۔ انہیں حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ اور حیات طیبہ کے بارے میں بتایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے ضروری ہے کہ ہم سے ہر ایک اللہ کے نبی کی سیرت کا مطالعہ کرے۔ تعلیم کی طرف توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیرت نبوی کا مطالعہ کرنا چاہئے اپنے بچوں کو بھی سیرت کے مطالعہ کی طرف راغب کرنا چاہئے اور وقتاً فوقتاً ایسے پروگرام منعقد کرنے چاہئے جس سے طلباءمیں سیرت نبوی سے دلچپسی پیدا ہو۔پروگرام میں معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند کی طالبات معلمات کے علاوہ قریبی دیہی علاقوں کی خواتین بھی شریک رہیں۔پر وگرام کا اختتام مفتی محمد شاکر قاسمی کی دعا پر ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر