عالمی شہرت یافتہ شاعر اور ماہر تعلیم ڈاکٹر نواز دیوبندی کو روٹری انٹر نیشنل نے ٹیچرس ڈے کے موقع پر آئی آئی ایم ٹی یونیورسٹی میرٹھ کے آڈیٹوریم میں سال24-23 کے اپنے سب سے اعلیٰ ایوارڈ ''ووکیشنل ایکسیلینس ایوارڈ 24-23 '' سے نوازا۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی کو یہ اعزاز ان کی تعلیمی خدمات خاص طور پر بیٹیوں کی تعلیمی خدمات کے لئے دیا گیا ،اس اعزاز کی خوشی میں نواز گرلز پبلک اسکول دیوبند میں اساتذہ اور طالبات کی جانب سے ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر نواز دیوبندی کو ٹیچرس اور طالبات نے ایک سپاس نامہ پیش کیا اور دلی مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے اسکول پرنسپل فوزیہ عبداللہ نے کہا کہ بیٹیوں کی تعلیم کے لئے جو جذبہ،شوق،لگن اورتڑپ اللہ تعالٰی نے میرے ابی (ڈاکٹر نواز) کو دی ہے وہ قدرت کا خاص انعام اور عطیہ ہے بیٹیوں کے اپنے تعلیمی مشن سے انہیں عشق ہے، چوبیس گھنٹے وہ اپنے مشن کو اور اپنی لگن میں رہتے ہیں، اسکول کے ایڈمنسٹریٹر عبداللہ نواز نے کہا کہ ڈاکٹر نواز معروف شاعر،بہترین انسان،شاندار موٹیویٹر،مخلص ماہر تعلیم اور ایک آئیڈیل اور مثالی والد ہیں شاعری ان کا شوق ہے اور تعلیم ان کا مشن ہے۔ ٹیچر نجمہ خان نے کہا کہ ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بیٹیوں کے لئے تعلیمی ادارے قائم کرکے ایک شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔ٹیچر فریحہ صدیقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نواز دیوبندی ہمارے اسکول کے بانی اور سرپرست ہیں لہٰذا ان کا یہ اعزاز اور یہ ایوارڈ اسکول ٹیچرس اور طالبات کا اعزاز ہے بیٹیوں کی تعلیم کی ضرورت اور اہمیت کو ڈاکٹر نواز صاحب نے شدت سے محسوس ہی نہیں کیا بلکہ اس خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف بھی کر دیا۔ اسٹاف ممبر دیویندر پاٹھک،آنچل گابھا،یمنا صدیقی،صفیہ ناز،شاذیہ مرغوب اور رونا عثمانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔نواب عظمت علی خان گرلز انٹر کالج مظفرنگر کی پرنسپل صفیہ رئیس اور انگلش میڈیم کی برانچ ہیڈ فرح بتول نے مشترکہ طور پر کہا کہ ڈاکٹر نواز دیوبندی بیٹیوں کے تعلیمی سلسلے کے حوالے سے ایک انقلابی شخصیت کے مالک ہیں۔ انھوں نے سر سید احمد خاں کے مشن کو بڑی خوش اسلوبی اور نئی جہت کے ساتھ آگے بڑھایا ہے اور آگے بڑھا رہے ہیں۔ نواب عظمت علی خاں گرلز ڈگری کالج مظفرنگر کی کار گذار پرنسپل ڈاکٹر سمتا نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی بیٹیوں کی تعلیم کے لئے فکرمندی سوامی وویکانند، سرسید احمد خاں اور اے پی جے ابوالکلام کی یاد دلاتی ہے۔ عظمت کلاسز مظفرنگر کے برانچ ہیڈ یاسر اسلام نے کہا ڈاکٹر نواز نے شاعری کے حوالے سے عالمی سطح پر مقبولیت اور محبوبیت بھی حاصل کی اور بیٹیوں کے متعدد ادارے قائم کرکے شاعر برادری میں ایک ممتاز اورمنفرد مقام حاصل کیا ہے وہ اپنے ہم عصروں میں اس اعتبار سے قابل قدر بھی ہیں اور قابل تقلید بھی۔ عظمت پرائمری اسکول کی ہیڈ مسٹریس صدف خان نے بوکے پیش کرکے مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر نواز دیوبندی نے اس ایوارڈ کے لئے روٹری انٹرنیشنل کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قدرت نے جو کچھ آپ کو دیا ہو چاہے ،اسے اپنے خاندان کے لئے ہی استعمال نہیں کرنا چاہئے بلکہ سماج کے عام ضرورت مند لوگوں کے لئے بھی استعمال کرنا چاہئے یہی قدرت کی دی ہوئی نعمتوں کی اصل شکر گذاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کی تعلیم کے لئے الگ ادارے قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے اللہ نے جنہیں دولت دی ہے انہیں اس طرف متوجہ کرایا جائے، پڑھی لکھی بیٹیاں سماج میں ایک بڑا مثبت انقلاب لا سکتی ہیں۔ انہوں نے طالبات سے اپیل کی کہ خود بھی پڑھو اور اوروں کو بھی پڑھاو۔ اس موقع پر محمد عامر، محمد آصف، حریم ناز، زینت بے بی، انس عثمانی، روش کمال اور تمام اسٹاف موجود رہا۔
0 Comments