ملک کے ممتاز عالم دین اور مسلم پرسنل لاءبورڈ کے سینئر رکن و سابق ترجمان مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے گزشتہ شب یہاں عظیم دینی دانش گاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں طلبہ عزیز سے خصوصی خطاب کے دوران انہیں اپنے قیمتی پندونصائح سے نوازتے ہوئے حالات حاضرہ سے واقف کرایا اور انہیں مدبرانہ اور حکیمانہ انداز میں اسلام کی صحیح تصویر دنیا تک پہنچانے کی نصیحت کی اور کہاکہ موجودہ حالات کا مقابلہ مذہب اسلام کے امن و محبت اور بھائی چارے پیغام کے ساتھ کیا جائے، انہوں نے کہاکہ حالات سے گھبرانے اور مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مسلمان ہی ملک سے سچی محبت کرتاہے اور اہل مدارس بالخصوص علماء دیوبند کا اس ملک کی آزادی اور اس کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ہے۔
بعد نمازِ مغرب اطیب المساجد میں منعقد اصلاحی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سجاد نعمانی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ عزیز سے خطاب کیا اور کہاکہ حالات کے مقابلہ کے لئے قومی اتحاد، امن و سلامتی اور بھائی چارے کا جو پیغام مذہب اسلام نے دیا ہے اس کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہمارے اکابرین کی بے پناہ قربانیوں کے سبب ملک کو آزادی حاصل ہوئی تھی، اسلئے ہمیں اس ملک کے لئے ہمیشہ فکر مند رہنا چاہئے، ملک کی تعمیر و ترقی اورآزادی میں اکابرین دیوبند کی خدمات پر مفصل انداز میں روشنی ڈالی۔ انہوںنے حاضرین مجلس بالخصوص طلبہ عزیز سے کہاکہ ہمیں حالات سے قطعی مایوس ہونے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے یہ وقت بھی گزر جائیگا، سرزمین دیوبند اور یہاں کے اکابرین نے ہمیشہ نازک وقت میں ملک کو سنبھالا ہے اور آج ایک مرتبہ پھر اکابرین علماءکی انہیںخدمات کی ضرورت ہے۔انہوںنے طلبہ عزیز سے حصول علم کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے بلند عزائم کے ساتھ علم دین حاصل کریں اور اکابرین دیوبند کی زندگیوں کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیںاور کبھی بھی احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔اس دوران انہوں نے طلبہ عزیز سے اپنے ناصحانہ خطاب میں علم کی اہمیت سمجھاتے ہوئے اصلاحی امور پر روشنی ڈالی اور کہاکہ اہل مدارس پوری امت کے لئے رہبر و رہنما ہیں،اسلئے اپنے رہن سہن اور طور طریقے سنت کے نبوی کے مطابق ڈھالیں اسی میں دونوں جہاں کی کامیابی و کامرانی کا راز پوشیدہ ہے، انہوں نے انبیاء کرام علیہ السلام، صحابہ کرام اور اکابرین دیوبند کے مختلف واقعات کے ساتھ طلبہ کو قیمتیں نصیحتیں کیں۔اس دوران ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے بھی طلبہ کو اپنی قیمتی نصیحتوں سے نوازا،ادارہ کے نائب مہتمم مولانامحمد شکیب قاسمی نے مولانا نعمانی کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر جملہ اساتذہ و طلبہ موجودرہے۔
0 Comments