Latest News

مولانا شاہد الحسنی کا انتقال عظیم ملی خسارہ : مولانا سید ارشد مدنی، مولانا مدنی نے اہل خانہ سے ملاقات کرکے پیش کی تعزیت مسنونہ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جمعیة علماءہند کے قومی صدر اور دارلعلوم دیوبند کے صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی نے آج جامعہ مظاہر علوم سہارنپور پہنچ کر جامعہ کے امین عام مولانا سید شاہد الحسنیؒ کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کی اور ان کی وفات کو علمی و عوامی حلقوں کا بڑا نقصان قرار دیا۔

مولانا سید ارشد مدنی نے ناظم اعلیٰ مولانا سید محمد عاقل اور مرحوم ؒ کے صاحبزادے ومظاہر علوم کے امین عام مولانا سید صالح سمیت دیگر پسماندگان سے ملاقات کی اور تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سید شاہد الحسنی صاحب میرے بہت عزیز تھے، ان کے انتقال سے مجھے بہت غم ہوا، بیرون ملک کے سفر کے باعث میں نمازِ جنازہ میں شرکت نہیں کرسکا۔ مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ مولانا شاہد سہارن پوریؒ جیسے لوگ مدتوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ وہ کئی اعتبار سے خوش قسمت تھے، علمی گھرانے سے ان کا تعلق رہا۔ شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کے نواسے تھے اور ان کے تربیت یافتہ تھے۔مرحوم نے زبردست منتظم کے طور پر اپنی شناخت بنائی اور نامور قلمکارکے طور پر علمی حلقوں میں مشہور ہوئے، انہیں علمی اورعوامی حلقوں میں یکساں مقبولیت حاصل تھی۔ مرحوم جتنے بڑے علم اور قلم کے مالک تھے، اخلاق و کردار میں بھی وہ اتنے ہی بڑے تھے۔ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک، بہت ملنسار، خوش اخلاق اور حوصلہ مند شخص تھے،ان انتقال یقینی طور پر بڑا علمی خسارہے، اللہ تعالیٰ غریق رحمت فرمائے اور ان کی تمام خدمات کو شرف قبولیت عطا فرماکر ان کے درجات بلند فرمائے، پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے اور ان کی علمی وراثت کے حقیقی امین بنائے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر