گاندھی جینتی کے موقع پر اردو ہندی پندرہ روزہ ”دیوبند ٹوڈے“ کی جانب سے محلہ خانقاہ میں واقع شاہ منزل میں منعقد پروگرام میں عالمی شہرت یافتہ شاعر اور ماہر تعلیم ڈاکٹر نواز دیوبندی اور ممتاز افسانہ نگارو مصنفہ ڈاکٹر رخشندہ روحی مہدی کو ان کی ادبی اور تعلیمی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازاگیا، اس دوران ماحولیات کے تحفظ کے تحت مہمانوں کو پودے اور گلدستے دے کر ان کی عزت افزائی کی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہمارے پاس خاندان اور سماج کے تئیں شکایات بہت ہیں، لیکن ہم اس میدان میں تعاون کم کررہے ہیں،جس کی وجہ سے ہماری عزت میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں اپنے خاندان کو پوری عزت اور وقت دینا چاہئے، آج ہم اپنے بچوں پر بہت پیسہ خرچ کر رہے ہیں لیکن انہیں وقت نہیں دے رہے، اس لیے موجودہ نسل میں عزت، غیرت اور خدمت کے جذبے کی شدید کمی ہے،جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی، نوجوان ادیب و شاعر عبدالرحمن سیف نے بھی اپنے خیالات میں تعلیم و ادب کے گرِتے ہوئے معیار پر تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر موجود شعراءنے اپنا شاندار کلام پیش کرکے سامعین کومحظوظ کیا۔جس میں خاص طورپر نوجوان شاعر وقاص دیوبندی، نوجوان شاعرکاشف صدیقی، عبدالرحمن سیف ، ماسٹر شمیم کرتپوری اور آخر میں ڈاکٹر نواز دیوبندی نے اپنے مخصوص انداز میںاپنے خوبصورت کلام سے نوازا۔تقریب کے دوران منزہ پروین، نجم احمد صدیقی، شبانہ صفوان، شاداب خان، شاہ فیصل مسعودی، سید وجاہت شاہ، نبیل مسعودی، عائشہ عثمانی، اکرام انصاری، دین رضا، زینب شاہ اور محمد سمیع وغیرہ خصوصی طورپر موجودرہے۔
0 Comments