دیوبند: سمیر چودھری۔
دہلی کے اسپتالوں میں بیمار افراد کا آسانی سے داخلہ کرانے اور انہیں سستے یا فری علاج کے ساتھ تمام سہولیات مہیا کرائے جانے کی مہم کی تحت سرسٹہ بازار میں حاجی عدنان فاروقی کی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ کے دوران سماجی خدمت گار نوید چودھری نے دیوبند کے مریضوں کو دہلی کے سرکاری اسپتالو ں میں فری اور سستے علاج نیز سہولیات مہیا کرائے جانے کے بارے میں تفصیلات بتائی۔ شہر میں رابطہ مہم کے بعد منعقدہ میٹنگ میں شریک نوید چودھری نے کہا کہ وہ تقریباً گذشتہ چھ، سات سالوں سے اس مہم کے تحت دہلی کے سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں سنگین نوعیت کے مریضوں کا مفت اور سستا علاج کرانے کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے سبھی بڑے اسپتالوں میں مریضوں کی بھیڑ ہونے کی وجہ سے تشویش ناک بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو اسپتال میں ایڈمٹ ہونے کا موقع نہیں مل پاتا ہے جس کی وجہ سے بہت سے مریض اپنا بہتر علاج نہیں کرا پاتے ہیں۔ نوید چودھری نے بتایا کہ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے ہم نے یہ مہم شروع کی ہے تاکہ شدید بیماریوں میںمبتلا مریضوں کو بر وقت دہلی کے بڑے اسپتالوں میں مفت یا سستے علاج مہیا کرائے جا سکیں، اسی لئے اس پورے علاقہ میں ایک بیداری مہم چلائی گئی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ مظفر نگر کے بعد اب دیوبند کے مریضوں کو دہلی کے سبھی بڑے اسپتالوں میں پچاس لاکھ روپے تک کا علاج فری یا بہت سستے میں کرانے کی مہم کی تشہیر کر رہے ہیں، اس لیے ضرورت مند مریضوں کو اس مہم سے استفادہ کرنا چاہئے، انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں دیوبند میں موسی چودھری ، محمد آصف، فاروق علی اور محمد جاوید سے 7300761413 پر رابطہ کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد ایک سماجی گروپ تشکیل دے کر اس مہم کو تمام ضرورت مندوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ میٹنگ میں شریک موسی چودھری نے بھی اس مہم کے سلسلہ میں وہا موجود افراد کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اگر کوئی شخص کسی بڑی بیماری میں مبتلا ہو تو ہم اس کی مددکے لئے ہر وقت مہیا رہیںگے اور اسے دہلی کے بڑے اسپتال میں داخل کرا کر علاج کی بہترین سہولیات مہیا کرائیں گے۔ اس میٹنگ میں بڑی تعداد میں شہر کے لوگ شریک رہے۔
0 Comments