دیوبند: سمیر چودھری۔
سہارنپور مظفرنگر اسٹیٹ ہائی وے پر رونما ہونے والے حادثہ میں ایک مزدور سمیت دو لوگوں کی موت ہو گئی جب کہ ایک شخص شدید طورپر زخمی ہو گیا۔ جس کو ابتدائی میڈیکل ایڈ دینے کے بعد ضلع اسپتال ریفر کر دیا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کےلئے بھیج دیا۔
تفصیل کے مطابق ناگل تھانہ کے تحت آنے والے گاﺅں بڈولی کے 58سالہ شخص نریش کمار اپنے رشتہ دار سبھاش کے ساتھ بذریعہ بائک دیوبند کے گاﺅں کرنجالی میں ہونے والی ایک شادی میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ شادی کے پروگرام میں شرکت کر کے سبھاش اور نریش شام کے وقت اپنے گھر واپس جا رہے تھے لیکن جیسے ہی ان کی بائک ساکھن نہر کے قریب پہنچی تو بائک بس سے نیچے اترنے والے ایک مسافر انوج کمار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجہ میں انوج کی موقع پر ہی موت ہو گئی لیکن اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار پک اپ نے بائک میں ٹکر مار دی جس کی وجہ سے سبھاش اور نریش شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سرکاری ایمبولینس کی مدد سے زخمیوں کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے زخمیوں کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے ضلع اسپتال ریفر کر دیا لیکن راستہ میں ہی سبھاش نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
مرنے والے نوجوان انوج کے بھائی سچن نے بتایا کہ اس کا بھائی دیوبند سے مزدوری کر کے گھر واپس آرہا تھا۔ پولیس کا بھی یہی کہنا ہے کہ انوج جیسے ہی بس سے اترا ویسے ہی تیز رفتار بائک نے اس کو ٹکر مار دی پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔
0 Comments