مظفرنگر میں اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن و اردو ٹیچرس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خان کا یوم پیدائش نہایت تزک اہتشام کے ساتھ منایا گیا.
پروگرام کی صدارت ڈاکٹر شمیم الحسن اور نظامت ڈاکٹر سلیم سلمانی نے کی. اس موقع پر مقررین نے سر سید احمد خاں کو خراج عقیدت پیش کیا.
یو ڈی او کے ضلع صدر کلیم تیاگی نے کہا کہ سر سید احمد خاں نے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے جو قربانیاں پیش کیں وہ سدا یاد رکھی جائیں گی. سر سید احمد خاں ایک مفکر اور ہمدرد قوم ملت تھے، ان کے سینے میں جو درد تھا اس کو بروئے کار لانے کے لیے انہوں نے جان کی بازی لگا دی. علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ان ہی کی قربانیوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے. ان کے افکار ہمیشہ کارآمد ثابت ہوئے اور ہمیشہ رہیں گے.
ڈاکٹر شمیم الحسن نے کہا کہ آج ان کو سچی خراج عقیدت یہ ہوگی کہ ہم زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے کھولیں اور اپنی نسلوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ماڈرن تعلیم سے آراستہ کریں.
معروف سماجی کارکن اسعد فاروقی نے کہا کہ ہم بہت جلد ہی سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور سر سید احمد خاں کے بتائے راستے پر چلتے ہوئے کوئی کام ضرور انجام دیں گے.
اس کے علاوہ حاجی محمد اوصاف، ماسٹر شہزاد علی، تحسین علی، ڈاکٹر فرخ حسن، شمیم قصار، حاجی سلامت راہی اور محبوب عالم ایڈووکیٹ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا. پروگرام میں ماسٹر ندیم ملک، گلفام احمد، ماسٹر رئیس الدین رانا، ساجد خان، بدرالزماں خان، مولانا محمد موسی قاسمی، محمد انس، شہزاد تیاگی وغیرہ موجود رہے.اس موقع پر اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن مظفر نگر کی کارکردگی اور اردو سے محبت کے سبب ہند ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ساجد خان نے یو ڈی او کی رکنیت حاصل کی. تمام موجود لوگوں نے ان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا.
0 Comments