Latest News

منڈیاں ختم ہونے سے کسان برباد ہوجائینگے، ریاستی حکومت سب کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ نانوتہ میں منعقد کسان مزدور مہاپنچایت میں کسان لیڈر چودھری راکیش ٹکیٹ کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
نانوتہ بلاک کے گاوں بھوجپور میں منعقد کسان مزدور مہاپنچایت میں بی کے یو کے قومی ترجمان چودھری راکیش ٹکیت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منڈیوں کو ختم کرنا کسانوں کے لیے بڑا دھچکا ہے، جس طرح پلیٹ فارم کے بغیر ٹرینیں نہیں چلتی، اسی طرح منڈیوں کے بغیر کسانوں کی حالت بھی بد سے بدتر ہوتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منڈیاں کسانوں کے لیے پلیٹ فارم ہیں جہاں وہ اپنی فصلیں مناسب قیمت پر فروخت کر سکتے ہیں، کسانوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، کسان نقصان میں ہیں اور کسانوں کی فصلیں خریدنے والے تاجر منافع میں ہیں۔ ریاستی حکومت پر طنز کرتے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت سب کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں 182 اے گریڈ منڈی زمینوں کو تاجروں کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ شہروں کے وسط میں منڈیاں ہونے کی وجہ سے ان کی زمینوں کے نرخ مہنگے ہو گئے ہیں۔ حکومت اس پر نظر رکھے ہوئے ہے کہ انہیں کس طرح فروخت کیا جائے۔ بہار میں 2006 میں تین کالے قانون نافذ کر کے وہاں کی منڈیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے کسانوں کی فصلیں کم قیمت پر خرید کر مہنگے داموں فروخت کرنے کا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسروں، لیڈروں اور تاجروں کی ملی بھگت سے کسان برباد ہو جائیں گے۔
ایم ایس پی گارنٹی ایکٹ کو لاگو کرنے کے لیے تحریک کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوروانچل سے دھان خرید کر رامپور میں بیچنے کے بعد فرضی کسانوں کا اندراج کیا گیا اور اس میں ہزاروں روپے کا گھوٹالہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت تاجروں کی حکومت بنی ہوئی ہے ۔پروگرام کی صدارت سبھاش چودھری نے کی اور ریاستی سکریٹری امیر حیدر زیدی نے نظامت کی۔امیر حیدر زیدی نے کہا کہ جب تک اس ملک میں کوئی بڑی تحریک نہیں چلتی تب تک کسانوں کی لوٹ مار جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک بڑی تحریک کی ضرورت ہے اور اس کی شروعات مظفر نگر ضلع میں تحریک سے ہوگی۔ یونین کے ضلع صدر راجپال سنگھ نے کہا کہ یہ حکومت کسان مخالف ہے۔حکومت نے ابھی تک گنے کی قیمت طے نہیں کی ہے۔کسان بے سہارا جانوروں سے بری طرح پریشان ہیں۔علاوہ ازیں ریاستی جنرل سکریٹری انل ملک، بلاک صدر انتھک چودھری، ڈویزنل سکریٹری راشد، ڈویزنل جنرل سکریٹری ایشور سنگھ فوجی، مرادآباد ڈویزنل انچارج اشوک چودھری، ضلع جنرل سکریٹری اجے کامبوج، پہل سنگھ، دھرم ویر گرجر، دیش پال، سنجے، کان سنگھ رانا اور امت مکھیا وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران کسانوں نے ڈھول نگاڑوںکے ساتھ راکیش ٹکیٹ کا شاندار استقبال کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر